
سابر کانٹھا، 29 اپریل (ہ س)۔ گجرات کے سابر کانٹھا ضلع میں بدھ کی صبح ایک المناک سڑک حادثہ میں چھ لوگوں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے متوفیوں کی لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ہمت نگر کے قریب جسونت گڑھ پاٹیا کے پاس شاملاجی سے احمد آباد کو جانے والی قومی شاہراہ پر تیز رفتاری سے آ رہی ایک نجی لگژری بس نے آگے چل رہی ایکو کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے ۔ کار میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہد مول سنگھ مکوانا نے بتایا کہ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار کا پچھلا اور اوپری حصہ مکمل طور پر دب گیا۔ کار میں سوار افراد شدید زخمی ہو کر اندر ہی پھنس گئے تھے ۔ حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ کار میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے کافی محنت کرنا پڑی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پرائیویٹ لگژری بس کا ڈرائیور اسٹیئرنگ وہیل پر کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے سبببس نے آگے چل رہی کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی ۔ حادثے کے باعث شاہراہ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور کافی دیر تک ٹریفک میں خلل پڑا۔
ہمت نگر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے کے پٹیل نے بتایا، ”ایکو کار کو لگژری بس نے پیچھے سے ٹکر مار دی ، جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ جہاں بھی غیر مجاز کٹ (موڑ)ہیں، انہیں فوراً بند کیا جائے۔ “پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
مرنے والوں کے نام
1۔ شکری بین کملیش کمار نائک – سرڈوئی، موڈاسا، ضلع ارولی، 2۔ کانتا بین کانجی بھائی نیماما – سرڈوئی، موڈاسا، ضلع ارولی، 3۔ ہیتل بین مہیش بھائی نائک - نوا (رناسنا)، تلود، ضلع سابرکانٹھا ،4۔ مینا بین بھیکھ بھائی بھوئے - سرڈوئی، موڈاسا، ضلع ارولی، 5۔ سرلابین کانتی لال بھوئے – سرڈوئی، موڈاسا، ضلع ارولی 6۔ عاشق بین کپل لال نائک – موید، پرانتج۔
زخمیوں کے نام
1۔ نائک انجوبین (45 سال) ،2۔ بھوئے نیتا بین (36 سال)،3۔ نائک میناکشی بین (50 سال) ،4۔ پٹیل کامنی بین (56 سال)، 5۔ نائک کنچن بین (60 سال)، 6۔ پرجاپتی نیتا بین (55 سال) ،7۔ گوسوامی ریکھا بین (55 سال) ،8۔ راول انل کمارڈرائیور (25سال)۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد