
مئو، 25 اپریل (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع مئو میں تھانہ دوہری گھاٹ علاقے کے برسات پور اہیرانی ہائی وے پر جمعہ کی دیر رات تقریباً 3 بجے سڑک حادثے میں پانچ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس حادثے کی جانچ کر رہی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کملیش بہادر کے مطابق، ایک اسکارپیو گاڑی (جے ایچ 21 جی 3927) بے قابو ہو کر اپنی لین سے نکل کر دوسری لین میں پہنچ گئی اور سامنے سے آ رہے ٹریلر (بی آر 28 جی بی 2171) سے زوردار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو میں سوار تمام پانچ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے میں گاڑی میں موجود ایک پالتو کتے کی بھی جان چلی گئی۔ واقعے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی اور مقامی لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ دوہری گھاٹ پولیس موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔ پولیس نے تمام لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال مئو بھیج دیا ہے اور ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہلاک شدگان کی شناخت ونے شریواستو (53)، ان کے بیٹے کرتارتھ شریواستو (27)، اہلیہ ارچنا شریواستو (48) ساکن رانی ڈیہا، تھانہ کھورابار، ضلع گورکھپور، اور رویندر یادو (20) و پرشوتم کمار (28) ساکن مٹیہانی، تھانہ موہن پور، ضلع گیا (بہار) کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پورا خاندان رانچی میں اپنی بیٹی کی شادی منعقد کر کے واپس گھر لوٹ رہا تھا، تبھی راستے میں یہ حادثہ ہو گیا۔ پولیس واقعے کی اطلاع دیگر اہل خانہ کو دے کر آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن