
باہوبلی اور آر آر آر جیسی بلاک بسٹر فلموں کے بعد ہدایت کار ایس ایس راجامولی اب اپنی نئی فلم وارنسی کو بین الاقوامی سطح پر پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔ اس انتہائی متوقع فلم کا گلوبل ڈیبیو24 اپریل کو کامک کون ایکسپیریئنس (سی سی ایکس پی) میکسیکو میں کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب فلم کی جھلک دنیا کے سامنے ایک بڑے عالمی پاپ کلچر ایونٹ میں پیش کی جائے گی۔
پروڈیوسروں نے انکشاف کیا ہے کہ اس خصوصی پیش کش کا عنوان’’ وارانسی ٹو دی ورلڈ‘‘ رکھا گیا ہے ، جس میں فلم کی کہانی کی پہلی جھلک کے ساتھ ایک بہائنڈ دی سینس ویڈیو کی اسکریننگ بھی کی جائے گی۔ یہ فوٹیج خاص طور پر اس تقریب کے لیے بنائی گئی ہے اور اس سے پہلے کبھی عوامی نہیں کی گئی ہے۔ تقریب کے دوران راجامولی کا ایک ریکارڈ شدہ پیغام بھی نشر کیا جائے گا، جس میں وہ فلم کے وژن اور عالمی تناظر پر بات کریں گے۔
اس فلم میں مہیش بابو، پرینکا چوپڑا اور پرتھوی راج سوکمارن مرکزی کردار میں نظر آئیں گے ۔سی سی ایکس پی میکسیکو کو لاطینی امریکہ کا سب سے بڑا پاپ کلچر پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جو دنیا بھر سے مشہور فلموں اور سیریز کی نمائش کرتا ہے۔ وارنسی کی اس پلیٹ فارم پر شمولیت کو ہندوستانی سنیما کے لیے ایک اہم کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
یہ فلم اپریل 2027 میں ریلیز ہونے والی ہے لیکن بین الاقوامی پروموشن شیڈول اس سے تقریباً ایک سال پہلے شروع ہو چکی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ راجامولی اس فلم کے ذریعے ہندوستانی ثقافت اور وارانسی کے روحانی ورثے کو عالمی سامعین تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ فلم کی پہلی جھلک نے ناظرین کے تجسس کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد