
جموں, 20 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 21 افراد جاں بحق جبکہ 51 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک نجی مسافر بس رام نگر سے ادھم پور جاتے ہوئے کاگورٹ گاؤں کے قریب ایک خطرناک تیکھے موڑ پر بے قابو ہو کر تقریباً 100 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔حادثے کے وقت بس میں گنجائش سے کئی زیادہ مسافر سوار تھے ۔حکام کے مطابق بس کھائی میں گرنے سے قبل ایک آٹو رکشہ سے ٹکرا گئی اور اسے کچلتے ہوئے نیچے سڑک پر الٹ گئی۔ بس مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی اور اس کا اوپری حصہ تقریباً الگ ہو گیا تھا، جس کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل اور وقت طلب ثابت ہوا۔ابتدائی معلومات کے مطابق بس میں 65 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد شامل تھی۔ حادثے کے فوری بعد وہاں سے گزرنے والے فوجی قافلے نے سب سے پہلے امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ مقامی افراد نے بھی زخمیوں کو نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما نے جائے حادثہ پر میڈیا کو بتایا کہ 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ مزید کئی زخمی اسپتالوں میں دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کو ہائیڈرولک کرین کی مدد سے سیدھا کیا گیا تاکہ مزید لاشوں اور زخمیوں کو نکالا جا سکے۔حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ادھم پور ضلع اسپتال اور رام نگر کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 43 افراد ادھم پور اور 6 رام نگر میں زیر علاج ہیں، جبکہ دو شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔
چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ادھم پور ضلع اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس سانحے کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد، اوور لوڈنگ کی روک تھام، گاڑیوں کی فٹنس اور ڈرائیوروں کی طبی جانچ کو یقینی بنانا ہوگا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مہلوکین کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے تعزیتی پیغام میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مہلوکین کے ورثا کو دو لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 25 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمید قرا، بی جے پی کے صدر ست شرما اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات اور انسپکٹر جنرل پولیس جموں زون بھیم سین توتی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر