حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضوں کو ہٹانے کا سلسلہ جاری
حیدرآباد، 19 اپریل (ہ س)۔ شہرحیدرآباد میں فٹ پاتھ پرکئے جانے والے قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی نگرانی میں دونوں شہروں کے تمام 6 بلدی زونس میں آج پھرسے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے
حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضوں کو ہٹانے کا سلسلہ جاری


حیدرآباد، 19 اپریل (ہ س)۔

شہرحیدرآباد میں فٹ پاتھ پرکئے جانے والے قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی نگرانی میں دونوں شہروں کے تمام 6 بلدی زونس میں آج پھرسے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجرین کو صبح کی اولین ساعتوں کے دوران برخواست کردیا گیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری ان کاروائیوں کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ عدالت کے احکامات کی بنیاد پر دونوں شہروں میں فٹ پاتھ کا تخلیہ کرواتے ہوئے فٹ پاتھ کو پیدل راہروؤں کے لئے مختص کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آج صبح اچانک شروع کی گئی اس کاروائی کے دوران بلدی عہدیداروں کی بلڈوزر کاروائیوں نے کئی چھوٹے تاجرین کو ان کے روزگار سے بیدخل کردیا ہے۔ آج کی گئی کاروائی کے دوران جی ایچ ایم سی کے بلڈوزرچھتری ناکہ ، کندیکل گیٹ، آرام گھرچوارہا، مہدی پٹنم، مشیر آباد، سلطان بازار کاچی گوڑہ ، گڈی ملکا پور، نارائن گوڑہ ، آندھرا بینک کوٹھی کے علاوہ گاندھی ہاسپٹل و دیگر مقامات پرفٹ پاتھ پرموجود قبضہ جات کو برخواست کیاگیا اور صبح کی اولین ساعتوں میں کی گئی اس کاروائی کے بعد قابضین کو دوبارہ قبضہ کی صورت میں فوجداری مقدمات کے اندراج کا انتباہ دیا گیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دونوں شہروں میں فٹ پاتھ پر کاروبارکی اجازت قطعی نہیں دی جائے گی کیونکہ پیدل راہرؤوں کے سڑک پر چلنے کے نتیجہ میں حادثات رونما ہونے کے علاوہ ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اسی لئے فٹ پاتھ کو خالی کرواتے ہوئے پیدل راہروؤں میں فٹ پاتھ کے استعمال کا شعور اجاگر کرنے کی مہم چلائی جائے گی ۔ کی گئی اس کاروائی کے دوران کئی اہم سڑکوں کے کناروں پر موجود قبضہ جات کو ہٹادیا گیا اورکئی مقامات پرتاجرین کو بلدیہ کی اس کاروائی پربرہمی کا اظہار کرتے دیکھاگیا۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود میں موجود چارمینار، گولکنڈہ ، راجندر نگر، شمس آباد، سکندرآباد اورخیریت آباد زونس میں یہ کاروائی انجام دی گئی جس کی راست نگرانی کمشنر مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد آروی کرنن نے انجام دی ۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande