


اورچھا کے لیے پی ایم شری ہیلی سروس کے طور پر پشپک ومان سہولت شروع کی گئی ہے: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ وزیر اعلیٰ نے اسٹیٹ ہینگر سے ’’پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس‘‘ کے تحت نئے سیکٹر بھوپال-چندیری-اورچھا ہیلی کاپٹر یاترا کا کیا آغاز
بھوپال، 19 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اورچھا میں راجہ کے طور پر براجمان بھگوان شری رام کے درشن کے لیے پی ایم شری ہیلی سروس کے طور پر پشپک ومان کی سہولت شروع کی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو دارالحکومت بھوپال کے اسٹیٹ ہینگر سے ’’پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس‘‘ کے تحت نئے سیکٹر ’بھوپال-چندیری-اورچھا‘ کا آغاز کر کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرشورام جینتی کے مبارک موقع پر سیاحت کی سمت میں آج مدھیہ پردیش تاریخی قدم بڑھا رہا ہے۔ آج بھوپال-اورچھا اور چندیری سیکٹر کے لیے پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس کا آغاز ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جن دو شہروں کے لیے سروس کا آغاز کیا گیا ہے، دونوں ہی ریاست کے وراثتی مقامات ہیں۔ چندیری کا تعلق بھی شری رام اور شری کرشن سے ہی ہے۔ چندیری اساطیری، روحانی، تاریخی اور سیاحتی شہر کے طور پر مشہور ہے۔ مدھیہ پردیش میں تیزی سے بڑھ رہے ایوی ایشن سیکٹر سے مہاراشٹر سمیت کئی ریاستیں ترغیب لے رہی ہیں۔
پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مسافروں کو بورڈنگ پاس فراہم کیے اور ہیلی کاپٹر کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریاست میں سیاحتی اور مذہبی یاتراوں کو آسان، محفوظ اور خوشگوار بنانا ہیلی ٹورزم سروس کا مقصد ہے۔ پروگرام میں نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیر راکیش شکلا، بھوپال کی میئر مالتی رائے اور فلائی اولا کے ایس رام اولا موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ عقیدت، ہمت، مردانگی، شجاعت، علم، سخاوت اور بلند کردار کے مالک بھگوان پرشورام نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی۔ اپنی ہمت و شجاعت اور مردانگی کے نئے نئے ریکارڈ قائم کرنے والے بھگوان پرشورام ہر دور میں ہم سب کو ترغیب دیتے رہیں گے۔ ان کے یومِ پیدائش پر ریاست کو پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس وقف کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کی خدمت کے لیے مساوی طور پر کام کر رہی ہے۔ علاج کے لیے ضرورت مند لوگوں کو پی ایم شری ایئر ایمبولینس کی سہولت فراہم کرنے کی پہل ملک میں سب سے پہلے مدھیہ پردیش نے ہی شروع کی ہے۔ مدھیہ پردیش کا جغرافیائی رقبہ بہت وسیع ہے، ریاست میں مذہبی، ثقافتی، وائلڈ لائف اور سیاحت کے کافی امکانات موجود ہیں۔ ریاست میں آمد و رفت کے لحاظ سے ہیلی ٹورزم سروس، سیاحوں کا وقت بچانے اور سفر کی دلچسپی کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس سے ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کو وسعت ملے گی، ان سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی سے ریاست میں معاشی سرگرمیاں بھی خود بخود چلتی ہیں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کی حوصلہ افزائی کرنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔ ریاست میں ہر طرف فضائی خدمات کو وسعت دی گئی ہے۔ ریل، بس اور سڑک کے ساتھ آبی ٹرانسپورٹ پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاحتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور سیاحتی مقامات تک آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے مدھیہ پردیش سیاحت کو مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ہیلی ٹورزم سروس سب سے پہلے ’اونکاریشور-مہاکالیشور-اندور‘ سیکٹر میں اور کانہا-باندھو گڑھ-مئیر کی ماتاجی-امرکنٹک-چترکوٹ میں شروع ہوئی۔ آج ہیلی سروس کا تیسرا سیکٹر شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس کے تحت چندیری سے اورچھا کا کرایہ 2,750 روپے، بھوپال سے چندیری کا 5,500 روپے اور بھوپال سے اورچھا کا کرایہ 6,500 روپے رکھا گیا ہے۔ بھوپال سے اورچھا کا پیکیج 14,500 کا ہے، جس میں 13,000 روپے ہیلی کاپٹر کا کرایہ، ٹیکسی کی فیس 1,150 روپے اور درشن و پرساد کے لیے 350 روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سفر کے انعقاد میں میچنگ گرانٹ کے تحت بڑی رقم ریاستی حکومت کی طرف سے دی جا رہی ہے۔ ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور سیاحوں کی دلچسپی مدھیہ پردیش میں بڑھانے کے مقصد سے میچنگ گرانٹ کے تحت ریاستی حکومت رقم دے رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس کے نئے سیکٹر ’بھوپال-چندیری-اورچھا‘ کے پہلے مسافروں اودھیش پرساد شکلا، ریویتی شکلا اور رماشکر شکلا کو بورڈنگ پاس فراہم کیے۔ پروگرام میں بتایا گیا کہ سفر کے لیے 6 نشستوں والے جدید ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیاح www.flyola.in اور آئی آر سی ٹی سی پورٹل پر بکنگ کر سکتے ہیں۔ پروگرام سے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو یادگاری نشان پیش کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن