
نئی دہلی، 18 اپریل (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے آج میٹرو فیز 4 کے تحت آر کے آشرم مارگ میٹرو اسٹیشن پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے ذریعہ کئے جارہے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اپنے سوشل میڈیا اکاو¿نٹ پر ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو دہلی کی لائف لائن ہے۔ اس پر روزانہ لاکھوں مسافر سفر کرتے ہیں، اس لیے ہر پروجیکٹ میں معیار، حفاظت اور وقت کی پابندی پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈی ایم آر سی کے عہدیداروں کے ساتھ پیشرفت کی صورتحال، تعمیر کے معیار اور مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کام میں رفتار اور شفافیت کو یقینی بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسافروں کو تکلیف نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مضبوط اور جدید رابطہ قائم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ یہ ترقی یافتہ دہلی کی تعمیر میں ایک اہم قدم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی حکومت نے تین نئے میٹرو فیز 4 کوریڈورز (لاجپت نگر-ساکیت، اندرلوک-اندرپرستھ، ریٹھالا-کونڈلی) کے لیے 3,386.18 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا ہے۔ ان پروجیکٹوں کی کل تخمینہ لاگت تقریباً 14,630.80 کروڑ روپے ہے اور اگلے چار برسوں میں 47.22 کلومیٹر کے نیٹ ورک کو مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ یہ راہداری شمالی، وسطی اور جنوبی دہلی کو بہتر رابطہ فراہم کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد