
این ایس ایس کی جانب سے ’ناری شکتی‘ پر بیداری پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 17 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم نے جینڈر چیمپیئن، اے ایم یو کے اشتراک سے ”سیلیبریٹنگ ناری شکتی“ کے عنوان سے ایک وسیع بیداری پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد ناری شکتی وندن ایکٹ کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، نوجوانوں میں سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا اور ادارہ جاتی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانا تھا۔ پروگرام میں سینکڑوں طلبہ، رضاکاروں اور اساتذہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر عذرہ موسوی، ڈائریکٹر، ایڈوانسڈ سینٹر فار ویمنس اسٹڈیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہے اور تعلیم، خود انحصاری اور قیادت کا فروغ، ترقی کے اہم عوامل ہیں۔ مہمانِ اعزازی ڈاکٹر شائنا سیف نے صنفی شعور اور جامع سماجی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور مساوی مواقع کے ذریعے خواتین کی اختیار دہی ایک متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ پروگرام ڈاکٹر محمد محسن خان، پروگرام کوآرڈینیٹر، این ایس ایس اے ایم یو کی جانب سے ترتیب دیا گیا اور ان کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر قرۃ العین علی نے پروگرام کی تنظیم میں تعاون کیا، جبکہ ڈاکٹر توصیف فاطمہ نے خواتین کی تعلیم اور حقوق پر خصوصی خطاب کیا۔ شعبہ سوشل ورک کی اسسٹنٹ پروفیسر سمیرہ خانم بھی اس موقع پر موجود تھیں۔پروگرام میں لیکچرز، سیمینارز، پوسٹر اور سلوگن مہمات شامل تھیں، جبکہ این ایس ایس کے رضاکاروں نے معاشرے میں بیداری پھیلانے کا عہد بھی کیا۔ طلبہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ اس موقع پر پروگرام افسران ڈاکٹر فوزیہ فریدی، ڈاکٹر عبدالجبار اور نعیم احمد بھی موجود تھے۔ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ