
حیدرآباد، 17 اپریل (ہ س)۔
تلنگانہ میں جاری اورمجوزہ ریلوے منصوبوں کاجائزہ لینے کے لیے آج سکندرآباد کے ریل نیلایم میں جنوبی وسطی ریلوے (ایس سی آر) اورریاستی حکومت کے حکام کے درمیان ایک مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں ایس سی آرکے جنرل منیجرسنجے کمارسریواستو،چیف سکریٹری کے. رام کرشناراؤ اوردونوں جانب کے سینئرافسران نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری کی موجودگی میں ریلوے احاطے میں اس نوعیت کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ ریلوے حکام نے سڑک کے نیچے بننے والے پلوں(آریوبی)، روڈ اووربرج (آراوبی)،نئی ریلوے لائنوں اوراسٹیشنوں کی ازسرنو تعمیرجیسے بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس دوران ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات، جیسے زمین کا حصول،این اوسی اوربجلی وپائپ لائنوں کی منتقلی جیسے امورپرتفصیل سے بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں زیر التوا کاموں کو تیزکرنے اورمنصوبوں میں پیش آنے والی رکاوٹوں کودورکرنے پر خاص توجہ دی گئی۔ نئی ریلوے لائنوں کی تجاویز اورمرکز و ریاست کے درمیان اخراجات کی تقسیم کے طریقۂ کار پر بھی غورکیا گیا۔ حیدرآباد کوبنگلورو،چنئی اورپونے سے جوڑنے والے مجوزہ ہائی اسپیڈ ریل کاریڈور پربھی ابتدائی تبادلۂ خیال ہوا، جبکہ علاقائی رنگ ریل منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
جنرل منیجر نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے مسافروں کو سہولت ملے گی اور ریاست کی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ چیف سکریٹری نے کام کی رفتار بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے اور باقاعدہ جائزہ میٹنگز کی ضرورت پر زور دیا۔ سرکاری بیان کے مطابق، دونوں فریقوں نے عوامی مفاد میں ریلوے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے اور باہمی رابطے کے ذریعے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق