جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی 136ویں یومِ پیدائش کی تقریب؛ حکومتِ دہلی کے معزز وزیر رویندر اندراج سنگھ بطور مہمانِ خصوصی شرکت
نئی دہلی،13اپریل(ہ س)۔ بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راو¿ رام جی امبیڈکر کی 136ویں یومِ پیدائش کے موقع پر آج جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) میں ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی خدمات اور وراثت پر روشنی ڈالی
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی 136ویں یومِ پیدائش کی تقریب؛ حکومتِ دہلی کے معزز وزیر رویندر اندراج سنگھ بطور مہمانِ خصوصی شرکت


نئی دہلی،13اپریل(ہ س)۔

بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راو¿ رام جی امبیڈکر کی 136ویں یومِ پیدائش کے موقع پر آج جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) میں ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی خدمات اور وراثت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب رویندر اندراج سنگھ، معزز وزیر برائے سماجی بہبود، ایس سی/ایس ٹی ویلفیئر، کوآپریٹو و الیکشن، حکومتِ دہلی شریک ہوئے۔ ان کے ساتھ اسٹیج پر پروفیسر پرمود کمار مہرا (اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی) بطور کلیدی مقرر، پروفیسر مظہر آصف شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ موجود تھے۔ تقریب میں پروفیسر نیلوفر افضل (ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر) اور پروفیسر آر آر پاٹل (صدر، شعبہ سماجی خدمت) سمیت جامعہ کے اساتذہ، افسران، طلبہ اور عملہ بھی شریک تھے.

اپنے خطاب میں پروفیسر رضوی نے ڈاکٹر امبیڈکر کی نمایاں خدمات، خصوصاً سماجی انصاف، معاشی اصلاحات، مزدوروں کے حقوق، تعلیم اور خواتین کے حقوق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے بنیادی حقوق کو وسعت دی اور ہر شہری کے لیے مساوات کو یقینی بنایا، خواہ اس کا تعلق کسی بھی ذات، مذہب یا علاقے سے ہو۔

اپنے خطاب میں پروفیسر مہرا نے کہا کہ جب نوآبادیاتی طاقتیں فتوحات اور تسلط میں مصروف تھیں، اس وقت ڈاکٹر امبیڈکر سماجی انصاف کی بات کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کے تعلیمی نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ مختلف علوم اور خیالات کے امتزاج کا نام ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کو نامیاتی دانشور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ماننا تھا کہ ذہن کی تربیت انسان کی زندگی کا اصل مقصد ہونا چاہیے۔اپنے خطاب میں جناب رویندر اندراج سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر ہندوستان کے ان عظیم رہنماو¿ں میں سے تھے جنہوں نے بے لوث ہو کر انسانیت کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ڈاکٹر امبیڈکر کی زندگی پر بہت تحقیق ہوئی ہے، مگر ان کی عظمت کو مکمل طور پر سمجھنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہندوستان ترقی کر رہا ہے، لیکن ڈاکٹر امبیڈکر کے وڑن کے بغیر ہندوستان کا کوئی تصور مکمل نہیں ہو سکتا۔

شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے سماجی مساوات، قانون، انصاف اور انسانی وقار کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا دن ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹر امبیڈکر بدھ مت، کبیر اور جیوتیبا پھولے کے افکار سے متاثر تھے۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر آر آر پاٹل نے شکریہ ادا کیا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مختلف شعبوں میں 13 اپریل 2026 سے خصوصی لیکچرز، تقاریر اور ثقافتی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande