
جموں, 07 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کی ایک جیل میں قید ایک قیدی کے نام آنے والے پارسل سے دو موبائل فون برآمد ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ برآمدگی ضلع جیل بھدرواہ میں پارسلوں کی معمول کی تلاشی کے دوران عمل میں آئی۔ تلاشی کے دوران ایک پارسل سے دو موبائل فون برآمد کیے گئے جو جیل میں بند ایک قیدی کے نام بھیجا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ مذکورہ قیدی پچھلے ایک ماہ سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل میں بند ہے اور اس کا تعلق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے سے ہے۔ابتدائی جانچ کے دوران معلوم ہوا ہے کہ یہ پارسل جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے بک کیا گیا تھا۔واقعہ کے بعد جیل حکام نے موبائل فون ضبط کر لیے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ جیل کے اندر موبائل فون اسمگل کرنے کی کوشش میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر