
ممبئی ، 5 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے ڈیوٹی کے دوران شراب نوشی پر قابو پانے اور بس خدمات کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اقدامات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق اب ڈیوٹی پر آنے والے تمام ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کی الکوٹیسٹ مشین کے ذریعے جانچ لازمی ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی مہا منڈل کے صدر پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 25 جنوری کو ممبئی کے پرل بس اسٹینڈ کے اچانک معائنے کے دوران ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کے آرام گاہوں میں شراب کی بوتلیں پائی گئیں اور بعض ملازمین نشے کی حالت میں بھی نظر آئے۔ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا گیا اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی گئیں۔اس معاملے کی جانچ کے لیے تین افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں متعلقہ افسران کی ذمہ داری طے کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے۔ کمیٹی کی رپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک کو پیش کی گئی جس کے بعد قصوروار افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور تمام ڈپوؤں میں نئے ضوابط نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔نئے انتظامات کے مطابق ڈیوٹی پر حاضر ہونے والے ڈرائیوروں کی گاڑیوں کے معائنہ کاروں کے ذریعے باقاعدہ جانچ کی جائے گی، جبکہ کنڈکٹروں کو بھی ڈیوٹی دینے سے پہلے الکوٹیسٹ مشین کے ذریعے جانچنا لازمی ہوگا۔ اس عمل کی نگرانی اسسٹنٹ ورکشاپ سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ سپرنٹنڈنٹ، ٹرانسپورٹ انسپکٹر، اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ انسپکٹر اور ٹرانسپورٹ کنٹرولر کو کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ڈپو مینیجرز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ بس روٹ پر خدمات کے دوران ڈرائیور کو کنٹرول روم میں لاگ بک درج کرنا ہوگا اور اس کے بعد دوبارہ الکوٹیسٹ جانچ کر کے ہی اگلے روٹ پر روانہ کیا جائے گا۔ اسٹیشن انچارج کو اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔مزید برآں بس اسٹینڈ اور ڈپو کے احاطوں میں موجود ملازمین، خصوصاً آرام گاہوں میں موجود ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کی بھی وقتاً فوقتاً الکوٹیسٹ جانچ کی جائے گی اور اس کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دوروں کے دوران ان اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیں۔اس کے ساتھ ساتھ محکمۂ احتساب کی جانب سے خفیہ معائنہ مہم بھی چلائی جائے گی۔ روٹ انسپیکشن ٹیم، ٹرانسپورٹ انسپکٹر، تربیتی محکمہ اور سیکورٹی شعبہ مشترکہ طور پر جانچ کے پروگرام انجام دیں گے۔ایس ٹی ملازمین میں بیداری پیدا کرنے کے لیے تربیتی سیشن منعقد کیے جائیں گے اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے شراب نوشی کے نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مختلف ڈپوؤں میں خصوصی “شراب نوشی بیداری ہفتہ” بھی منعقد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بڑے بس اسٹینڈز، ڈرائیور اور کنڈکٹر آرام گاہوں اور ان مقامات پر خصوصی نگرانی رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے جہاں ملازمین زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ صفائی، پینے کے پانی اور دیگر سہولیات کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی متعلقہ افسران کو سونپی گئی ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ ایس ٹی انتظامیہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے شراب نوشی کے خلاف سخت موقف اختیار کر رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے بس خدمات مزید محفوظ اور نظم و ضبط کے ساتھ چلائی جا سکیں گی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے