
چنئی، 5 مارچ (ہ س): تمل ناڈو سے راجیہ سبھا کی چھ نشستوں کے لئے دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے چار اور آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) کے دو امیدواروں نے جمعرات کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔
تمل ناڈو سمیت ملک بھر میں خالی ہونے والی 37 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخابی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کی راجیہ سبھا میں کل 18 سیٹیں ہیں۔ ان میں سے چھ نشستوں کے لیے ہر ڈھائی سال بعد گردشی نظام کے تحت انتخابات ہوتے ہیں۔ اس بارتمل ناڈو سے تروچی سیوا ، این آر۔ النگو، انتھیور سیلوراج، این وی این کنیموزی سومو، ایم تھمبی دورائی، اور جی کے واسن کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ ان خالی نشستوں کے لیے نامزدگی کا عمل 26 فروری کو شروع ہوا، آج کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے۔
راجیہ سبھا کا رکن منتخب کرنے کے لیے 34 ایم ایل ایز کے ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ فی الحال، ڈی ایم کے کو چار سیٹیں جیتنے کی امید ہے، جبکہ اے آئی اے ڈی ایم کے کو دو سیٹیں جیتنے کی امید ہے۔ آئندہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے دونوں اپنے اتحادیوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کر رہے ہیں۔ کچھ اتحادیوں نے بھی راجیہ سبھا کی سیٹوں کا مطالبہ کیا ہے جس کی وجہ سے امیدواروں کے اعلان میں کچھ دقتیں پیش آ رہی ہیں۔
آج نامزدگیوں کا آخری دن ہونے کے باعث دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے اور سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈی ایم کے کی حاصل کردہ چار سیٹوں میں سے ایک پارٹی کے ڈپٹی جنرل سکریٹری تروچی سیوا کو دی گئی ہے۔ اس بار ڈی ایم کے کے ترجمان کانسٹنٹائن رویندرن کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ باقی دو سیٹیں دیسیا مرپوکو دراوڑ کزگم اور انڈین نیشنل کانگریس کو دی گئی ہیں۔ تروچی سیوا اور ڈی ایم کے کے کانسٹنٹائن رویندرن دونوں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ انڈین نیشنل کانگریس کے کرسٹوفر تلک اور دیسیا مرپوکو، دراوڑ کزگم کے ایل کے۔ سدھیش نے بھی چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی موجودگی میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔
اے آئی اے ڈی ایم کے نے دو سیٹوں میں سے ایک پر اپنے مہم سکریٹری ایم تھمبی دورائی کو میدان میں اتارا ہے، جب کہ دوسری سیٹ پٹالی مکل کچی لیڈر انبومنی رامادوس کو دی گئی ہے۔ دونوں نے آج سیکرٹریٹ میں انتخابی افسر کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 6 مارچ کو ہوگی، اور دستبرداری کی آخری تاریخ 9 مارچ ہے۔ اگر انتخابات کی ضرورت پڑی تو ووٹنگ 16 مارچ کو ہوگی۔ تاہم، میدان میں صرف چھ امیدواروں کے ساتھ، سبھی کے راجیہ سبھا کے لیے بلامقابلہ منتخب ہونے کا امکان ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی