
کولکاتہ، 4 مارچ (ہ س)۔ کولکاتہ میں مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈرسوبھیندو ادھیکاری کے خلاف ڈول یاترا کے دوران مبینہ طور پر فرقہ وارانہ تبصرے کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ معاملہ بھوانی پور علاقہ کے بالی گنج پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، بائیں بازو کی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے یوتھ ونگ کے لیڈر، سینک سور نے بالی گنج پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈول یاترا کے دوران دیے گئے ایک بیان میں، ادھیکاری نے ایسے الفاظ استعمال کیے جو فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں اور سیکولر خیالات رکھنے والوں کے خلاف دشمنی پیدا کرسکتے ہیں۔
شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ اس طرح کے تبصرے سماجی ہم آہنگی کو متاثر کر سکتے ہیں اور اس سے پہلے ہی کچھ جگہوں پر احتجاج ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک تکثیری معاشرے کے لیے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ضروری ہے اور اس طرح کے بیانات اس پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ کولکاتہ پولیس نے تصدیق کی کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
ڈول یاترا کے دن سوبھیندو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے حلقہ بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں سادھوو¿ں، مقامی کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ تقریبات میں حصہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مبینہ طور پر سیکولرازم اور الحاد کے خلاف بیانات دیئے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے تناظر میں ہندو اتحاد کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ