
پونے ضلع عدالت میں دو خاتون وکیلوں کے درمیان تصادمپونے ، 4 مارچ (ہ س)۔ پونے کے ضلع عدالت کمپلیکس میں دو خاتون وکیلوں کے درمیان مارپیٹ کے واقعے کے بعد شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ اس جھگڑے میں ایک خاتون وکیل زخمی ہو گئی جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔سینئر پولیس انسپکٹر گریش دیگھاوکر کے مطابق شکایت کرنے والی خاتون وکیل گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے موٹر وہیکل عدالت میں وکالت کر رہی ہیں۔ دونوں وکیلوں کے درمیان اس بات پر پہلے سے تنازع تھا کہ شکایت کنندہ کو زیادہ مقدمات مل رہے تھے۔پولیس کے مطابق اسی تنازع کے باعث 24 فروری کی صبح عدالت میں دونوں کے درمیان بحث ہوئی تھی۔ بعد میں دوپہر کے وقت ملزمہ وکیل نے عدالت کے احاطے میں شکایت کنندہ کو گالیاں دیتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا۔ جھگڑے کے دوران ملزمہ وکیل نے شکایت کنندہ کے سر پر ضرب لگائی جس سے وہ بے ہوش ہو گئیں۔ بعد ازاں انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون وکیل کو منگل کے روز ہوش آیا جس کے بعد انہوں نے بدھ کو شواجی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے