
سرینگر، 30 مارچ (ہ س) وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ایک پریشان کن صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کے کئی طلباء مبینہ طور پر کلاس میں جانے کے بجائے اسکول کے اوقات میں قمریہ پارک میں گھومتے ہوئے پائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق، مقامی لوگوں نے اس بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے تشویشناک قرار دیا اور حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔ وہیں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گاندربل، ایس ایس پی گاندربل، اسکول انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے اسکولوں میں نظم و ضبط اور باقاعدگی سے حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سول سوسائٹی کے ارکان نے ایک سخت انتباہ بھی جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ طلباء کو اسکول کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کلاس کے اوقات میں عوامی مقامات پر مستی یا آورہ گردی کرنے پر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ اس دوران سینئر حکام کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) گاندربل نے قمریہ پارک میں اچانک چھاپہ مارا۔ آپریشن کے دوران متعدد طلبہ کو پکڑا گیا۔ حکام نے جائے وقوعہ سے سگریٹ اور چھپائے گئے سکول یونیفارم بھی برآمد کر لیے۔ حراست میں لیے گئے طلبہ کی موقع پر ہی کونسلنگ کی گئی اور اسکول کے نظم و ضبط پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ عہدیداروں نے نظم و نسق کو برقرار رکھنے اور طلباء کو اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا مزید نگرانی اور سخت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے کیونکہ حکام علاقے میں بے چینی کو روکنے کے لیے کوششیں تیز کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir