ایران سے وابستہ گروپ کا ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کا ای میل اکاونٹ ہیک کرنے کا دعویٰ
واشنگٹن،28مارچ(ہ س)۔امریکی میڈیا کے مطابق ’حنظلہ‘ گروپ سے تعلق رکھنے والے ہیکروں نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کا ذاتی ای میل ہیک کر کے حاصل کردہ دستاویزات اور تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کر دی ہیں۔ مذکورہ گروپ کے ہیکر
ایران سے وابستہ گروپ کا ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کا ای میل اکاونٹ ہیک کرنے کا دعویٰ


واشنگٹن،28مارچ(ہ س)۔امریکی میڈیا کے مطابق ’حنظلہ‘ گروپ سے تعلق رکھنے والے ہیکروں نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کا ذاتی ای میل ہیک کر کے حاصل کردہ دستاویزات اور تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کر دی ہیں۔ مذکورہ گروپ کے ہیکروں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے ایران سے تعلقات ہیں۔ہیکروں نے پٹیل کی ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو 2025 میں ان کے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے طور پر تقرر سے پہلے کی ہیں۔ یہ بات سی این این نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتائی جنہوں نے دستاویزات کی صحت کی تصدیق کی ہے، جبکہ دیگر میڈیا اداروں نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب ’حنظلہ‘ گروپ نے سوشل میڈیا کے مانیٹرنگ اکاو¿نٹس پر جاری ایک پیغام میں اس ہیکنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اشارہ کیا کہ یہ کارروائی ایف بی آئی کی جانب سے ان کے ڈومین ناموں کو قبضے میں لینے کے رد عمل میں کی گئی ہے۔ایف بی آئی نے اپنی طرف سے ہیکنگ کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم اس بات پر زور دیا کہ چوری شدہ معلومات پٹیل کی 2025 میں وفاقی پولیس کی سربراہی کے لیے نامزدگی سے پہلے کی ہیں اور یہ سرکاری معلومات نہیں ہیں۔ یہ بات خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتائی۔ایف بی آئی نے مزید کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہے کہ بد خواہ عناصر ڈائریکٹر پٹیل کے ذاتی ای میل اکاو¿نٹ میں موجود معلومات کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ہم نے اس سرگرمی سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے ہیں۔

نیز یہ بھی واضح کیا کہ متعلقہ معلومات پرانی نوعیت کی ہیں اور ان میں کوئی بھی حکومتی معلومات شامل نہیں ہیں۔سائبر سکیورٹی کے کئی ماہرین کے نقطہ نظر سے ’حنظلہ‘ گروپ کو ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے آغاز سے اب تک سائبر جرائم کے فعال ترین گروہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو تہران سے وابستہ ہے۔یاد رہے کہ امریکی وزارت انصاف نے گذشتہ ہفتے 4 ویب سائٹس کو قبضے میں لینے کا اعلان کیا تھا، جن میں سے دو حنظلہ کے نام سے تھیں ... اور ان کے ایرانی وزارت انٹیلی جنس اور سکیورٹی کی جانب سے کی جانے والی ’سائبر ہیکنگ‘ کی سرگرمیوں سے تعلق کا ذکر کیا تھا۔

علاوہ ازیں امریکی وزارت خارجہ نے ایسے افراد کی گرفتاری کے لیے معلومات دینے پر 1 کروڑ ڈالر تک کے انعام کا اعلان کیا ہے جو کسی غیر ملکی ریاست کے فائدے کے لیے امریکہ کے اہم بنیادی ڈھانچے پر سائبر حملے کرتے ہیں۔اس پیغام کی ایک تازہ ترین صورت میں جو جمعے کو سوشل میڈیا پر شائع ہوئی، وزارت خارجہ نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں بدخواہ ایرانی عناصر کی طرف اشارہ کیا اور خاص طور پر’حنظلہ‘ گروپ کا ذکر کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande