ناسک عصمت دری معاملہ : کھرات کے خلاف مزید 2 مقدمات درج، پستول لائسنس منسوخ
ناسک عصمت دری معاملہ : کھرات کے خلاف مزید 2 مقدمات درج، پستول لائسنس منسوخ ممبئی، 28 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناسک کیس میں پولیس نے 67 سالہ ملزم اشوک کھرات کے خلاف مزید دو مقدمات درج کر لیے ہیں، جن میں ایک عصمت دری اور دوسرا دھوکہ دہی کا ہے، جب
Crime-Maha-Kharat-SIT-Action


ناسک عصمت دری معاملہ : کھرات کے خلاف مزید 2 مقدمات درج، پستول لائسنس منسوخ

ممبئی، 28 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناسک کیس میں پولیس نے 67 سالہ ملزم اشوک کھرات کے خلاف مزید دو مقدمات درج کر لیے ہیں، جن میں ایک عصمت دری اور دوسرا دھوکہ دہی کا ہے، جبکہ اس کا پستول لائسنس بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 28 مارچ کو سہکار واڑہ پولیس اسٹیشن میں ایک شادی شدہ خاتون نے شکایت درج کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ کھرات نے اگست سے دسمبر 2024 کے درمیان پانچ ماہ کے عرصے میں چار مرتبہ اس کے ساتھ زیادتی کی۔

شکایت کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ساتھ کینیڈا کارنر میں واقع کھرات کے دفتر گئی تھی، جہاں ملزم نے شوہر کو باہر انتظار کرنے کے لیے کہا اور خاتون کو نشہ آور مادہ دے کر بے ہوش کیا، جس کے بعد اس کے ساتھ متعدد بار جنسی زیادتی کی گئی ۔

اسی طرح احمدگر ضلع کے نیواسہ علاقے کے ایک کپڑا تاجر راجندر ناناساہیب بھاگوت (39) نے بھی کھرات کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس نے الزام لگایا کہ کھرات نے کاروبار میں بہتری کے نام پر گزشتہ تین برسوں میں اس سے 2.62 لاکھ روپے حاصل کیے۔

تاجر کے مطابق کھرات نے اسے دو انگوٹھیاں پہننے کا مشورہ دیا، جن میں ایک میں پکھراج اور دوسری میں ہیرا جڑا ہونے کا دعویٰ کیا گیا، جبکہ اس نے خود کھرات کو 20 گرام سے زائد سونے کی تین انگوٹھیاں تحفے میں دی تھیں۔ بعد ازاں جانچ میں معلوم ہوا کہ دی گئی انگوٹھیاں نقلی تھیں اور سونے کے بجائے تانبے کی بنی ہوئی تھیں۔

ضلع انتظامیہ نے کھرات کا پستول لائسنس بھی منسوخ کرتے ہوئے اسے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ ضلع کلکٹر آیوش پرساد کے مطابق یہ نوٹس اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے ملزم تک پہنچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ پولیس نے اشوک کھرات کو 18 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں اس کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر ایک پستول، 21 زندہ کارتوس اور 5 استعمال شدہ کارتوس برآمد کیے گئے تھے۔

ریکارڈ کے مطابق کھرات کو پہلی بار 2014 میں پستول لائسنس جاری کیا گیا تھا، جس کی تجدید 2024 میں کی گئی تھی۔ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande