
50 سال پرانی خستہ حال عمارت کی جگہ نئی عمارت تعمیر ہوگیناندیڑ ممبئی ، 27 مارچ (ہ س)۔ ناندیڑ ضلع کے بلولی شہر میں میونسپل کونسل کی مراٹھی اور اردو میڈیم اسکول کی عمارت کا دیرینہ مسئلہ ، 1 کروڑ روپے کا فنڈ نئی عمارت کی تعمیر کے لیے منظور لیےجانے کے بعد بالآخر حل ہو گیا۔ یہ فنڈ “ہندو ہردیہ سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے لوک کلیان ابھیان” کے تحت منظور کیا گیا ہے، جبکہ اس اسکول کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حال تھی اور طلبہ کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی تھی۔ یہ اسکول 1975-76 میں اس وقت کے میونسپل صدر اور سابق رکن اسمبلی گنگادھر راو پٹنے کے دور میں قائم کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ 50 برسوں میں اس کی عمارت انتہائی بوسیدہ ہو چکی تھی۔میونسپل صدر سنتوش کلکرنی کے مطابق نئی عمارت کے لیے ٹینڈر کا عمل آخری مرحلے میں ہے اور جلد ہی پرانی عمارت کو منہدم کر کے اس کی جگہ جدید اور معیاری عمارت تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت میں نہ صرف تعلیمی معیار بلکہ بنیادی سہولیات کو بھی ترجیح دی جائے گی تاکہ طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس اسکول میں اس وقت اردو میڈیم کی جماعت اول تا چہارم میں 120 طلبہ جبکہ مراٹھی میڈیم کی جماعت اول تا ہفتم میں 79 طلبہ زیر تعلیم ہیں، یعنی مجموعی طور پر تقریباً 200 طلبہ یہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ٹینڈر عمل مکمل ہوتے ہی تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد طلبہ کو کشادہ کلاس رومز اور دیگر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے