
بھوپال، 25 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں منگل کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثے نے تین خاندانوں کی خوشیاں چھین لیں۔ اینٹ کھیڑی تھانہ علاقے کے نپانیا علاقے میں کار اور بھوسے سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ان کا ایک دوست شدید زخمی ہے۔
پولیس کے مطابق، گلاب میہر چندیری گاوں کے سکریٹری ہیں۔ ان کی اہلیہ ریکھا سرپنچ ہیں۔ ان کا بیٹا ہرش میہر (23)، ستیش میہر (26)، لکی اہیروار (26) اور یوگیش عرف گبر سین (27) دیر رات تقریباً 11.30 بجے چائے پینے کے لیے گاوں سے نکلے تھے۔ کچھ ہی دوری پر سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ان کی کار کی سیدھی ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار نوجوان اندر ہی پھنس گئے۔ حادثے میں ہرش میہر، ستیش میہر اور لکی اہیروار کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ یوگیش سین شدید زخمی ہے اور اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔ اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹکر کے بعد کار اتنی بری طرح تباہ ہو گئی تھی کہ ریسکیو ٹیم کو گاڑی کاٹ کر لاشوں اور زخمی کو باہر نکالنا پڑا۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی کی صرف ایک ہیڈ لائٹ جل رہی تھی، جس کی وجہ سے اندھیرے میں سامنے سے آنے والی گاڑی کا صحیح اندازہ نہیں لگ سکا۔ تیز رفتاری بھی حادثے کی ایک وجہ مانی جا رہی ہے۔ لکی ساگونی گاوں بیرسیہ روڈ کا رہنے والا تھا اور کھیتی باڑی کرتا تھا۔ ہرش میہر گرام کاچھی برکھیڑا کا رہائشی اور بی کام فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔ وہ خاندان کا اکلوتا بیٹا تھا، اس کی ایک بڑی بہن ہے۔ حادثے کے وقت وہی کار چلا رہا تھا اور کار بھی اسی کی تھی۔ ستیش میہر گرام کاچھی برکھیڑا کا رہنے والا تھا اور اپنے والد کے ساتھ کھیتی کرتا تھا۔ یوگیش سین عرف گبر سین کا تعلق بھی کاچھی برکھیڑا سے ہے، وہ شدید زخمی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ یہ حادثہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ سڑک پر چھوٹی سی لاپرواہی بھی کتنا بڑا حادثہ بن سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن