
جموں، 24 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ضلع ریاسی میں مبینہ راشن گھوٹالے کے معاملے میں ایک سابق تحصیل سپلائی آفیسر اور دیگر افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اے سی بی نے ایف آئی آر نمبر 06/2026 تھانہ اے سی بی ادھم پور میں درج کی ہے، جس میں پرونَو گنڈوترا (سابق ٹی ایس او ارناس/دھرماڑی) سمیت محکمہ سی اے اینڈ پی ڈی کے اُس وقت کے بعض افسران و اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
اے سی بی کی ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ افسر نے اپنی تعیناتی کے دوران (اپریل 2011 تا جنوری 2013) تقریباً 22298.80 کوئنٹل اضافی راشن حاصل کیا اور تقریباً 103.63 لاکھ روپے ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں وصول کیے۔
تحقیقات کے مطابق یہ راشن متعلقہ ڈپوؤں تک پہنچانے کے بجائے مبینہ طور پر بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
اے سی بی ترجمان کے مطابق، ملزمان نے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے آپس میں ملی بھگت کے ذریعے راشن اور ٹرانسپورٹ فنڈز میں خرد برد کی، جس سے انہیں ناجائز فائدہ حاصل ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر