
برفباری کے باعث بند مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال
جموں، 22 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہوئی شدید برفباری کے باعث تقریباً دس روز تک بند رہنے کے بعد مغل روڈ کو اتوار کے روز ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔
یہ 84 کلو میٹر طویل اہم شاہراہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں خطے کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری سے جوڑتی ہے اور اسے ایک متبادل رابطہ سڑک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔جی آر ای ای ایف کے آفیسر کمانڈنگ آشیش گپتا کے مطابق موسم میں بہتری آنے کے بعد برف ہٹانے کا کام تیزی سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر تک مکمل صفائی کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، جس کے بعد کشمیر سے پونچھ اور پونچھ سے کشمیر جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ شوپیاں سے روانہ ہونے والی پہلی گاڑی بحفاظت پونچھ پہنچ گئی ہے، جبکہ مسافر اور مال بردار دونوں قسم کی گاڑیوں کو سڑک پر چلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
مقامی لوگوں نے مغل روڈ کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں خطوں کے درمیان سفر میں نمایاں سہولت پیدا ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر