
کشن گنج، 18 مارچ (ہ س)۔ بہار میں کشن گنج ضلع کے 06 لوگوں کی مدھیہ پردیش کے اندور میں بدھ کی صبح آگ لگنے سے زندہ جل کر موت ہوگئی، جب کہ تین دیگر شدید جھلس گئے۔ زخمیوں کا مقامی اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق واقعہ اندور کے بنگالی اسکوائر کے قریب واقع گریٹر برجیشوری کالونی میں صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک گھر کے باہر چارج ہونے والی الیکٹرک کار میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیل گئی اور تین منزلہ مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ لگنے کے بعد اندر رکھے ہوئے گیس سلنڈروں سے زور دار دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ دھماکوں کی شدت اتنی تھی کہ مکان کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ واقعے کے وقت سبھی لوگ سو رہے تھے، جس کی وجہ سے وہ فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہوپائے۔مہلوکین میں بہار کے کشن گنج ٹاؤن تھانہ علاقہ کے رہنے والے وجے سیٹھیا، چھوٹو سیٹھیا، سمن، منوج، سمرن اور راشی سیٹھیا شامل ہیں۔ سب ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق وجے سیٹھیا کاسمیٹکس کے کاروبار سے منسلک تھے اور جبڑے کے کینسر کے علاج کے لیے اپنے خاندان کے ساتھ اندور اپنی بیٹی اور داماد کے گھر آئے تھے۔ اس دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو بھاگنےکا موقع نہیں ملا۔ سلنڈر پھٹنے سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan