
نئی دہلی، 17 مارچ ( ہ س ): ٹیکنالوجی سروس فراہم کرنے والی کمپنی نووس لائلٹی لمیٹڈ کا 60.15 کروڑ روپے کا آئی پی او آج سبسکرپشن کے لیے لانچ کر دیا گیا ہے۔ اس آئی پی او میں 20 مارچ تک بولی لگائی جا سکتی ہے۔ ایشو بند ہونے کے بعد 23 مارچ کو شیئرز کا الاٹمنٹ کیا جائے گا، جبکہ 24 مارچ کو الاٹ کیے گئے شیئرز ڈی میٹ اکاؤنٹ میں کریڈٹ کر دیے جائیں گے۔ کمپنی کے شیئرز 25 مارچ کو بی ایس ای کے ایس ایم ای پلیٹ فارم پر لسٹ ہو سکتے ہیں۔ شام پانچ بجے تک اس آئی پی او کو 83 فیصد سبسکرپشن مل چکی تھی۔
اس آئی پی او کے لیے فی شیئر قیمت 139 روپے سے 146 روپے کے درمیان مقرر کی گئی ہے، جبکہ لاٹ سائز 1,000 شیئرز کا ہے۔ ریٹیل سرمایہ کاروں کو کم از کم دو لاٹس یعنی 2,000 شیئرز کے لیے بولی لگانی ہوگی، جس کے لیے انہیں 2,92,000 روپے کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ اس ایشو کے تحت 10 روپے فیس ویلیو والے کل 41.20 لاکھ شیئرز جاری کیے جا رہے ہیں، جن میں 45 کروڑ روپے کے 30.70 لاکھ نئے شیئرز شامل ہیں، جبکہ 12 کروڑ روپے کے 8.20 لاکھ شیئرز آفر فار سیل کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 2.30 لاکھ شیئرز مارکیٹ میکرز کے لیے مخصوص رکھے گئے ہیں۔
اس آئی پی او میں کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز کے لیے 47.09 فیصد حصہ محفوظ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے 33.11 فیصد اور نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز کے لیے 14.22 فیصد حصہ مختص ہے۔ جبکہ مارکیٹ میکرز کے لیے 5.58 فیصد حصہ رکھا گیا ہے۔ اس ایشو کے لیے اسمارٹ ہورائزن کیپیٹل ایڈوائزرز پرائیویٹ لمیٹڈ کو بک رننگ لیڈ مینیجر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کیفن ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کو رجسٹرار بنایا گیا ہے۔
کمپنی کی مالی حالت کے حوالے سے، سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس کے مطابق کمپنی کی مالی پوزیشن مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ مالی سال 2022-23 میں کمپنی کا خالص منافع 55 لاکھ روپے تھا، جو 2023-24 میں بڑھ کر 2.96 کروڑ روپے اور25-2024 میں 3.58 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی (اپریل سے 30 ستمبر 2025) میں کمپنی 5.80 کروڑ روپے کا خالص منافع کما چکی ہے۔
اسی دوران کمپنی کی آمدنی میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 23-2022 میں کمپنی کی کل آمدنی 59.61 کروڑ روپے تھی، جو 24-2023 میں بڑھ کر 73.61 کروڑ روپے اور 25-2024 میں 104.63 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں کمپنی کو 71.43 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہو چکی ہے۔
اس عرصے میں کمپنی کے قرض میں بھی مسلسل کمی آئی ہے۔ 23-2022 کے اختتام پر کمپنی پر 3.53 کروڑ روپے کا قرض تھا، جو 24-2023 کے اختتام تک کم ہو کر 82 لاکھ روپے رہ گیا۔ 25-2024 میں کمپنی نے اپنا تمام قرض ختم کر دیا اور اس وقت کمپنی پر کوئی قرض باقی نہیں ہے۔
اسی دوران کمپنی کے ریزروز اور سرپلس میں بھی اضافہ ہوا۔ 23-2022 میں یہ 6.53 کروڑ روپے تھا، جو 24-2023 میں بڑھ کر 9.49 کروڑ روپے اور 25-2024 میں 13.08 کروڑ روپے ہو گیا۔ موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ 6.64 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد