
سری نگر، 16 مارچ (ہ س)۔ خوراک، شہری سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر ستیش شرما نے پیر کو کہا کہ حکومت کے پاس جموں و کشمیر میں تقریباً 21 دنوں کا ایندھن اور ضروری اشیاء کا ذخیرہ ہے اور مٹی کے تیل کی سپلائی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ذریعہ ٹیولپ شو کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر شرما نے کہا کہ انتظامیہ سپلائی کی کڑی نگرانی کر رہی ہے اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تقریباً 21 دنوں کا کافی ذخیرہ ہے۔ کچھ لوگ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث پائے گئے ہیں اور جو بھی قصوروار پایا گیا، چاہے وہ پٹرول پمپ ہو یا گیس ایجنسی ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ اگرچہ جموں و کشمیر پہلے مٹی کے تیل سے پاک خطہ بن چکا تھا، لیکن حکومت نے موجودہ صورتحال کے دوران صارفین کو اضافی راحت فراہم کرنے کے لیے اب مٹی کے تیل کی سپلائی دوبارہ شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مٹی کے تیل سے پاک ریاست تھے لیکن ہم نے مٹی کے تیل کی تقسیم دوبارہ شروع کر دی ہے جس سے لوگوں کو اہم مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ضروری اشیاء دستیاب رہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے خادم ہیں جو بھی ملاوٹ یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے، وزیر نے کہا کہ امن کو ترجیح دینا چاہیے اور امید ظاہر کی کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی جلد کم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں۔ نفرت کو ہمیشہ محبت سے شکست ہوئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ صورتحال جلد ختم ہو جائے گی۔ وزیر شرما نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت خطے کے سیاحتی شعبے کی ترقی اور مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔ کشمیر کو ہندوستان کا سوئٹزرلینڈ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سال ریکارڈ سیاحوں کی آمد کی توقع ہے، خاص طور پر ٹیولپ گارڈن کے افتتاح کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سیاح ریکارڈ تعداد میں آئیں گے اور انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔ ہماری توجہ خوشحالی اور ترقی پر مرکوز ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir