
وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا۔
بھونیشور، 16 مارچ (ہ س): اڈیشہ کے کٹک میں واقع ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ٹراما کیئر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں پیر کی صبح آگ لگنے سے کم از کم 10 مریضوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر شدید جھلس گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ رات 2:30 کے قریب پہلی منزل پر لگی، شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بجلی کا شارٹ سرکٹ وجہ ہو سکتا ہے، تاہم اصل وجہ تحقیقات کے بعد معلوم ہو سکے گی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آگ لگنے کی وجہ کا تعین کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ دیگر مریضوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ان کا علاج جاری رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے اس واقعہ میں مرنے والوں کے لواحقین کے لئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 25-25 لاکھ روپے کی ہمدردانہ امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔
انہوں نے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئی سی یو سے منتقل ہونے والے تمام مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس واقعہ کو سنجیدگی سے لے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور تحقیقات کی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی