رسوئی گیس کی بلیک مارکٹنگ کے خلاف سخت انتباہ، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد،15 مارچ (ہ س) ۔ ریاستی وزیرسول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گھریلو گیس سلنڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے۔ تاہم کمرشل گیس سلنڈرس کی سپلائی میں کچھ معمولی مشکلات ہونے کا اعتراف کیا۔ آج اتم کمار ریڈی نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اور تیل کمپنیوں
پکوان گیس کی بلیک مارکٹنگ کے خلاف سخت انتباہ، اتم کمار ریڈی


حیدرآباد،15 مارچ (ہ س) ۔ ریاستی وزیرسول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گھریلو گیس سلنڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے۔ تاہم کمرشل گیس سلنڈرس کی سپلائی میں کچھ معمولی مشکلات ہونے کا اعتراف کیا۔ آج اتم کمار ریڈی نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اور تیل کمپنیوں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست میں ایل پی جی سلنڈرس کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیر سول سپلائز نے کہا کہ ریاست میں گھریلو گیس سلنڈرس کی کوئی کمی نہیں ہے اور عوام کو گھبرانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ ریاست میں ہر ماہ تقریباً 58 سے 60 لاکھ گھریلو گیس سلنڈر فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ روزانہ تقریباً ڈھائی لاکھ سلنڈرس سپلائی کئے جارہے ہیں۔ عوامی بے چینی کے باعث گزشتہ چند دنوں میں گیس بکنگ دوگنی ہوگئی ہے۔ تاہم گھریلو سلنڈرس کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایاکہ تلنگانہ میں اس وقت جملہ 811 ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس کام کررہے ہیں اور ریاست بھر میں تقریباً 1.3 کروڑ گیس کنکشن موجود ہیں۔ ان میں سے 11 لاکھ کنکشن اجول اسکیم اور 28 لاکھ کنکشن دیپم اسکیم کے تحت فراہم کئے گئے ہیں جبکہ تقریباً 7.5 لاکھ کمرشل کنکشن بھی موجود ہیں۔ وزیر موصوف نے اعتراف کیا کہ ریاست میں کمرشل گیس سلنڈرس کی فراہمی میں کچھ مشکلات ہیں۔ ریاست کو روزانہ تقریباً 23 ہزار کمرشل سلنڈرس کی ضرورت ہے لیکن فی الحال صرف 6200 سلنڈرس ہی فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تجارتی سلنڈرس کی سپلائی 20 فیصد کی حد کے اندرکی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے خبردار کیا کہ گیس سلنڈرس کی بلیک مارکٹنگ کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے سیول سپلائز بھون میں خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے ۔ وزیر نے عوام کومشورہ دیا کہ گیس کی فراہمی سے متعلق کسی بھی شکایت کیلئے 180042500333 نمبر پر رابطہ کریں۔۔ ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande