
بھوپال،15 مارچ (ہ س)۔
بھوپال نگر نگم میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں اتوار کی صبح لوک آیکت پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سینٹرل ورکشاپ پر چھاپہ مارا۔ صبح تقریباً 9 بجے لوک آیکت کی ٹیم ماتا مندر کے پاس واقع نگر نگم کی سینٹرل ورکشاپ پہنچی اور دستاویزات کی جانچ شروع کی۔ ذرائع کے مطابق، بنا کام کرائے فرضی بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے نکالنے کے معاملے میں جمعہ کو کی گئی کارروائی کے دوران لوک آیکت کو سینٹرل ورکشاپ میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کے ثبوت ملے تھے۔ انہی اشاروں کی بنیاد پر اتوار کو یہ چھاپہ ماری کی گئی۔ سینٹرل ورکشاپ میں نگر نگم کی گاڑیوں کی مرمت اور دیگر میکینکل کام کیے جاتے ہیں۔
اس سے پہلے جمعہ کو لوک آیکت پولیس نے نگم کے فتح گڑھ واقع ڈیٹا سینٹر پر بھی کارروائی کی تھی۔ وہاں سے تقریباً 10 سال کی دستاویزات اور سرور ڈیٹا ضبط کیا گیا تھا۔ اب جانچ ٹیم سینٹرل ورکشاپ آفس کے دستاویزات کی پڑتال کر رہی ہے اور ذمہ دار افسران و ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔ نگر نگم میں فرضی ادائیگی کی شکایت نومبر 2025 میں لوک آیکت کو ملی تھی۔ ابتدائی جانچ میں الزامات درست پائے جانے کے بعد 11 مارچ کو ایڈیشنل کمشنر گنونت سیوتکر کے خلاف بدعنوانی، مجرمانہ سازش اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کے بعد عدالت سے سرچ وارنٹ لے کر کارروائی کی گئی۔ لوک آیکت ایس پی درگیش راٹھور کے مطابق شکایت میں الزام ہے کہ سافٹ ویئر کی مدد سے فرضی بل تیار کیے گئے اور بنا کام کرائے ہی واقف کاروں اور رشتہ داروں کی فرموں کے نام پر کروڑوں روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔
جانچ میں سامنے آیا ہے کہ نگر نگم کے محکمہ آب رسانی، عمومی انتظامیہ اور سینٹرل ورکشاپ جیسے محکموں کے نام پر گاڑیوں کی مرمت، پینٹنگ اور دیگر کام دکھا کر ادائیگی کی گئی۔ کئی معاملات میں اصل میں کام ہوا ہی نہیں، لیکن سسٹم میں ای-بل تیار کر کے ادائیگی نکال لی گئی۔ کچھ معاملات میں جن محکموں کے نام پر بل بنائے گئے، انہیں اس کی اطلاع تک نہیں تھی۔ لوک آیکت ٹیم نے ادائیگی سے منسلک ایس اے پی سافٹ ویئر کا ڈیجیٹل ڈیٹا بھی ضبط کیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں موٹر ورک برانچ، محکمہ آب رسانی اور محکمہ عمومی انتظامیہ سے جڑے کاموں میں سنگین بے ضابطگیوں کے اشارے ملے ہیں۔ اب ڈیجیٹل ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر یہ پتہ لگایا جائے گا کہ کن کاموں کے نام پر ادائیگی کی گئی اور اصل میں کام ہوا تھا یا نہیں۔
ایڈیشنل کمشنر گنونت سیوتکر کا کہنا ہے کہ اکاونٹ برانچ میں بل براہِ راست تیار یا پاس نہیں کیے جاتے۔ ان کے مطابق بل متعلقہ محکموں سے تصدیق کے بعد آتے ہیں اور فنڈ کی دستیابی کے مطابق نگر نگم کمشنر سے تبادلہ خیال کے بعد ہی ادائیگی کی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن