
شری سیمنٹ کپ کے فائنل میں جے پور پولو ٹیم، جے گڑھ کو 2-6 سے ہرایا
جے پور، 14 مارچ (ہ س)۔ جے پور پولو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہفتہ کو جے گڑھ پولو ٹیم کو 2-6 سے ہرا کر شری سیمنٹ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ میچ کے آغاز سے ہی جے پور ٹیم نے جارحانہ کھیل دکھایا اور پہلے ہاف میں ہی مضبوط برتری بنا کر مقابلے پر تقریباً قبضہ کر لیا۔ اگرچہ تیسرے چکر میں جے گڑھ نے واپسی کی کوشش کی، لیکن جے پور نے منظم کھیل کے ساتھ برتری برقرار رکھتے ہوئے جیت یقینی بنا لی۔
پہلے چکر میں جے پور ٹیم کی شاندار رائیڈنگ اور بہترین پوزیشننگ دیکھنے کو ملی، جس سے جے گڑھ ٹیم شروع میں ہی دباو میں آ گئی۔ پہلے چکر کے اختتام تک جے پور 0-3 کی برتری بنا چکا تھا۔ ٹیم کے لیے پہلا گول کنور پرتاپ سنگھ کنوٹا نے کیا، جبکہ اس کے بعد مہاراجہ سوائی پدم نابھ سنگھ نے لگاتار دو گول داغ کر ٹیم کی برتری مضبوط کر دی۔
دوسرے چکر میں بھی جے پور ٹیم کا دبدبہ برقرار رہا۔ شاندار پاسنگ اور تال میل کے دم پر ٹیم نے کئی مواقع بنائے، جبکہ جے گڑھ کی ٹیم ان کی مضبوط دفاعی لائن کو توڑنے میں ناکام رہی۔ ہاف ٹائم تک جے پور نے اسکور 0-5 کر دیا، جس سے فائنل کی راہ تقریباً صاف ہو گئی۔
ہاف ٹائم کے بعد تیسرے چکر میں جے گڑھ ٹیم نے بہتر تال میل کے ساتھ واپسی کی کوشش کی اور مقابلہ کچھ حد تک مسابقتی بن گیا۔ تاہم جے پور ٹیم نے برتری برقرار رکھی اور تیسرے چکر کے اختتام تک اسکور 2-6 ہو گیا۔
آخری چکر میں جے پور نے منظم حکمت عملی اپناتے ہوئے گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور اپنی برتری کے دفاع پر توجہ دی۔ اس دوران کوئی بڑی اسکورنگ تبدیلی نہیں ہوئی اور بالآخر جے پور نے 2-6 سے مقابلہ جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
سیمی فائنل میں جیت کے ساتھ جے پور پولو ٹیم اب اس سیزن کی اپنی 10ویں ٹرافی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ مقابلے میں مہاراجہ سوائی پدم نابھ سنگھ نے چار گول داغے اور دو میچوں میں اپنے کل گولوں کی تعداد 10 تک پہنچا دی۔ وہیں کنور پرتاپ سنگھ کنوٹا نے دو گول کر کے ٹیم کی جیت میں اہم تعاون دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن