
نئی دہلی، 13 مارچ (ہ س)۔ آوٹر ڈسٹرکٹ پولیس نے منظم جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خصوصی آپریشن کے تحت 24 گھنٹے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے جوئے اور ناجائز شراب سے متعلق 11مقدمات درج کرکے تین خواتین سمیت 24افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ کارروائی کے دوران جوئے میں استعمال کی جا رہی 68,840 روپے کی نقدی اور 4,242 کوارٹر ناجائز شراب برآمد کی گئی۔
آوٹر ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس وکرم سنگھ کی ہدایت پر علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی۔اس دوران گشت اور نگرانی بڑھا کر مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی ۔
پولیس افسر کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس ٹیموں نے 15 افراد کو جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف جوا ایکٹ کے تحت پانچ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان سے 68,840 روپے نقدی اور جوئے کا سامان برآمد کر لیا گیا۔ یہ مقدمات رانی باغ، راج پارک، سلطان پوری اور رنہولا تھانے کے علاقوں میں درج کیے گئے ہیں۔ پولیس نے غیر قانونی شراب کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 4,242 کوارٹر شراب برآمد کی۔ اس کارروائی کے دوران شراب کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی چار کاریں بھی ضبط کی گئیں۔ ایکسائز ایکٹ کے تحت چھ مقدمات درج کرکے تین خواتین سمیت نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک کیس میں ملزم کو بغیر اجازت پرمٹ کے شراب کی نقل و حمل اور فروخت کرتے ہوئے پایا گیا۔ پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ غیر قانونی شراب کہاں سے لائی جا رہی تھی اوراس کام میں کون لوگ ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مہم جاری رہے گی اور امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد