
مدھیہ پردیش میں جونیئر ڈاکٹروں کے اسٹائپنڈ میں اضافہ، نائب وزیراعلیٰ شکلا کی ہدایت کے بعد حکم جاری
۔ جونیئر ڈاکٹر ریاست کے نظامِ صحت کی اہم کڑی ہیں: نائب وزیراعلیٰ شکلا
۔ یکم اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوں گے
بھوپال، 13 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے نائب وزیراعلیٰ راجیندر شکلا کی ہدایات کی تعمیل میں محکمہ طبی تعلیم کی جانب سے جونیئر ڈاکٹروں کے اسٹائپنڈ میں اضافے سے متعلق احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جو یکم اپریل 2025 سے نافذالعمل ہوں گے۔ رابطہ عامہ افسر انکش مشرا نے جمعہ کو بتایا کہ نائب وزیراعلیٰ شکلا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت طبی تعلیم کے معیار کو مستحکم کرنے اور صحت کی خدمات کو مزید بااختیار اور عوام دوست بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جونیئر ڈاکٹر مکمل لگن سے ریاست کی طبی خدمات کو بااختیار اور مستحکم کرنے میں اپنا اہم تعاون پیش کریں گے۔ نائب وزیراعلیٰ شکلا نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹر ریاست کے نظامِ صحت کی اہم کڑی ہیں۔ میڈیکل کالجوں اور ملحقہ اسپتالوں میں وہ نہ صرف اپنی طبی تربیت مکمل کرتے ہیں، بلکہ مریضوں کو مسلسل صحت کی خدمات فراہم کرنے میں بھی جونیئر ڈاکٹر ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔
نائب وزیراعلیٰ شکلا نے جونیئر ڈاکٹروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو مثبت حل کی ہدایات دی تھیں۔ اسی تسلسل میں محکمے کی جانب سے اسٹائپنڈ میں اضافے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے میڈیکل کالجوں میں کام کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں کے اسٹائپنڈ میں کنزیومر پرائس انڈیکس 2.94 کی بنیاد پر اضافہ کرتے ہوئے یکم اپریل 2025 سے ترمیم شدہ اسٹائپنڈ نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت پی جی فرسٹ ایئر کا اسٹائپنڈ 75,444 روپے سے بڑھا کر 77,662 روپے، سیکنڈ ایئر کا 77,764 روپے سے بڑھا کر 80,050 روپے اور تھرڈ ایئر کا 80,086 روپے سے بڑھا کر 82,441 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح انٹرن کا اسٹائپنڈ 13,928 روپے سے بڑھا کر 14,337 روپے کیا گیا ہے۔ سپر اسپیشلٹی کورس کے فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے اسٹائپنڈ کو بھی بڑھا کر 82,441 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر ریذیڈنٹ کا اسٹائپنڈ 88,210 روپے سے بڑھا کر 90,803 روپے اور جونیئر ریذیڈنٹ کا اسٹائپنڈ 63,324 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ریاست کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں زیر تعلیم اور خدمات انجام دینے والے جونیئر ڈاکٹروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن