

بھوپال میونسپل کارپوریشن کی کمپیوٹر شاخ پر لوک آیکت کا چھاپہ، سنبل یوجنا اور فرضی بلوں کی جانچ، 10 سال کے ریکارڈ کھنگالے
بھوپال، 13 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں جمعہ کو میونسپل کارپوریشن کی کمپیوٹر شاخ اور مالیاتی ریکارڈ سے مربوط دفاتر پر لوک آیکت پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی۔ یہ کارروائی فتح گڑھ میں واقع دفتر اور لنک روڈ نمبر 2 پر واقع مرکزی دفتر میں ایک ساتھ کی گئی۔ لوک آیکت ایس پی درگیش راٹھور اور ڈی ایس پی اجے مشرا کی قیادت میں دو الگ الگ ٹیموں نے دونوں مقامات پر پہنچ کر جانچ شروع کی۔
اطلاع کے مطابق، جمعہ کی صبح تقریباً 11.30 بجے شروع ہوئی اس کارروائی کے بعد کارپوریشن کے دفاتر میں کھلبلی مچ گئی۔ ٹیم نے سب سے پہلے کمپیوٹر شاخ اور مالیاتی ریکارڈ سے جڑے دستاویزات کو اپنے قبضے میں لے کر جانچ شروع کی۔ میونسپل کارپوریشن کی کمپیوٹر شاخ میں سنبل یوجنا، پیدائش و موت کا سرٹیفکیٹ، پراپرٹی ٹیکس اور دیگر آن لائن خدمات سے متعلق اہم ڈیجیٹل ریکارڈ رکھا جاتا ہے، اس لیے ان دستاویزات کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے۔
لوک آیکت ٹیم خاص طور پر سنبل یوجنا سے منسلک دستاویزات اور آن لائن انٹری کی پڑتال کر رہی ہے۔ ساتھ ہی دیگر ڈیجیٹل ریکارڈ میں ممکنہ بے ضابطگیوں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ فتح گڑھ دفتر میں موجود ملازمین وسیم، سہیل اور پنکج سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کارروائی تعمیراتی کاموں کے نام پر فرضی بل لگا کر کروڑوں روپے کی ادائیگی کی شکایت کے بعد کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی معاملات میں بغیر زمینی کام کے صرف کاغذوں پر بل لگا کر ادائیگی کیے جانے کی شکایتیں لوک آیکت کو ملی تھیں۔
لوک آیکت ٹیم نے شکایتوں کی بنیاد پر گزشتہ تقریباً 10 سال کے دستاویزات اور ریکارڈ ضبط کیے ہیں۔ اب ان دستاویزات کا ملان اصل کاموں اور ادائیگی سے کیا جائے گا، تاکہ پورے معاملے کی سچائی سامنے آ سکے۔ میونسپل کارپوریشن کی کمپیوٹر شاخ کو 22 فروری کو فتح گڑھ سے لنک روڈ نمبر 2 پر واقع نئی عمارت میں شفٹ کیا گیا تھا، اس لیے لوک آیکت ٹیم دونوں مقامات پر رکھے دستاویزات کی جانچ کر رہی ہے۔ فی الحال لوک آیکت کی کارروائی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے بعد ہی پورے معاملے میں گھوٹالے کی حقیقی صورتحال واضح ہو سکے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن