
مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے ٹریننگ کلاسزحیدرآباد،11 مارچ (ہ س) ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے تلنگانہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا کے 99 روزہ پروگراموں کے تحت 12 مارچ کو مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کیلئے ٹریننگ پروگرامس کے انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ سرپنچوں ، میونسپل وارڈ ممبرس ، صدور نشین اور میئرس کے لئے ٹریننگ پروگرامس میں ریاستی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا ۔ حکومت کے 99 روزہ ترقیاتی منصوبہ کی تفصیلات سے بھی مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کو واقف کرانے کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ چیف سکریٹری کے مطابق 12 جون تک 99 روزہ پروگرام پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے واقف کرانے کیلئے ٹریننگ کلاسس اہمیت کے حا مل ہے ۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں 12 مارچ کو نو منتخب عوامی نمائندوں کیلئے ٹریننگ کلاسس کے اہتمام پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنچات راج اداروں اور دیہی ترقی کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات متعارف کی ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری پنچایت راج سنجے کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق ٹی کے سری دیوی ، سکریٹری پلاننگ گورو اپل اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ چیف سکریٹری نے 99 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ سکریٹریز اور پرنسپل سکریٹریز کو اپنے اپنے محکمہ جات میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتوں اور دیہی علاقوں میں ایکشن پلان پر موثر عمل آوری سے مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔ ریاست گیر سطح پر 12700 گرام پنچایت اور بلدی اداروں میں ٹریننگ پروگرامس منعقد کئے جائیں۔ ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کو مدعو کرنے کی ہدایت دی گئی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق