
کولکاتا، 10 مارچ۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے منگل کو کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ہونے والے مراحل کی تعداد کے بارے میں حتمی فیصلہ ریاست میں زمینی امن و امان کی صورتحال اور انتظامی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا لے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی فل بنچ نے گزشتہ دو دنوں میں ریاست میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اس دوران انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے انتظامی حکام، پولیس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگیں کی گئیں۔ تمام جماعتوں نے کمیشن کو یقین دلایا ہے کہ ووٹنگ پرامن، بے خوف اور تشدد سے پاک ماحول میں کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے مراحل کی تعداد کا انحصار ریاست کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور انتخابات کو محفوظ طریقے سے کرانے کے انتظامات پر ہوگا۔ کمیشن کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر ووٹر بلا خوف اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جائزہ دورے کے دوران کمیشن کی فل بنچ نے ریاستی انتظامی عہدیداروں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ قانون کی حکمرانی کو سختی سے نافذ کریں اور بغیر کسی دباو¿، خوف یا تعصب کے کام کریں۔ انتخابات کی ساکھ کے لیے عہدیداروں کا منصفانہ اور شفاف طرز عمل ضروری ہے۔
گیانیش کمار نے کہا کہ کمیشن انتخابات سے پہلے، دوران اور انتخابات کے بعد کسی بھی قسم کے انتخابی تشدد کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی رکھتا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جو بھی انتخابی تشدد میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انتخابی فہرست کی خصوصی نظرثانی کی وجہ سے رائے دہندگان کو درپیش مبینہ تکلیف کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی سطح کا عمل ہے، جسے تمام ریاستوں میں وقفے وقفے سے نافذ کیا جاتا ہے۔ یہ عمل مکمل طور پر غیر جانبدارانہ انداز میں اور مختلف سطحوں پر عہدیداروں کی فعال شرکت کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں سے متعلق مقدمات کی عدالتی سماعتیں جن میں منطقی تضادات کی نشاندہی کی گئی ہے، سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق اور کلکتہ ہائی کورٹ کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس پورے عمل کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی حقیقی ووٹر انتخابی فہرستوں سے خارج نہ ہو اور کوئی جعلی نام شامل نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کے دوران شفافیت اور مانیٹرنگ کو مضبوط بنانے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 100فیصد ویب ٹیلی کاسٹ فراہم کیا جائے گا تاکہ ووٹنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی