آتم نربھر بھارت مہم کو مستحکم بنانے کے لیے معیار، جدت اور اعتماد لازمی ۔ایل جی
جموں, یکم مارچ (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’میڈ اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ مہم کو مستحکم بنانے کے لیے معیار، جدت اور اعتماد کو تین بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مینوفیکچرنگ شعبے کی نئی شناخت انہی اصولوں پر است
LG


جموں, یکم مارچ (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’میڈ اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ مہم کو مستحکم بنانے کے لیے معیار، جدت اور اعتماد کو تین بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مینوفیکچرنگ شعبے کی نئی شناخت انہی اصولوں پر استوار ہونی چاہیے۔وہ فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کی جانب سے منعقدہ آتم نربھر بھارت تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ویاپار رتن ایوارڈز کے مستحق صنعتکاروں کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’سوَدیشی اپناؤ‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ طرزِ زندگی ہے اور عوام کو اسے اپنی روزمرہ عادات کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’میڈ اِن انڈیا‘ مصنوعات کو فروغ دینے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ اور معیشت میں استحکام پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے خود انحصاری کی نئی راہ اختیار کی اور آج بھارت ایک مضبوط معاشی نشاۃ ثانیہ کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور لاکھوں خاندانوں کے لیے امید کا ذریعہ ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں چھوٹے اور مائیکرو صنعتی یونٹس معیشت کو سہارا دے رہے ہیں اور نوجوانوں و خواتین کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے بعد صنعتی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور نئی صنعتی پالیسی کے باعث جموں و کشمیر ملک کے اہم سرمایہ کاری مقامات میں شامل ہوا ہے۔انہوں نے شفاف اور بدعنوانی سے پاک نظام کے قیام کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کو امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande