
نئی دہلی، 3 فروری (ہ س)۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے میلبورن کے روویل میں آسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر سے مہاتما گاندھی کے نئے مجسمے کی چوری کی شدید مذمت کی ہے اور آسٹریلیا کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ مجسمے کو فوری طور پر بازیاب کرائیں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کریں۔
آسٹریلیا میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، ہم روویل، میلبورن میں آسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر میں نامعلوم افراد کی جانب سے مہاتما گاندھی کے مجسمے کو توڑ پھوڑ اور اسکے غائب ہونے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ہم نے یہ معاملہ آسٹریلیا کے حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ گمشدہ مجسمے کی بازیابی کے لیے فوری کارروائی کریں اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ میلبورن کے روویل میں آسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر کے باہر سے مہاتما گاندھی کا کانسے کا مجسمہ چوری ہو گیا ہے۔ یہ مجسمہ نئی دہلی میں انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر) کا تحفہ تھا۔ مقامی خبروں کے مطابق، چوری کا واقعہ پیر کی رات تقریباً 12 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ تین نامعلوم مجرموں نے 426 کلو وزنی مجسمے کو کاٹنے کے لیے اینگل گرائنڈر کا استعمال کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد