
پیرامیڈیکل و مینجمنٹ میں داخلہ اور سو فیصد اسکالرشپ ہمارا مشن: اویس عنبر
اردو کے فروغ اور تعلیمی شعور بیدار کرنے میں انجمن کا کردار اہم: پروفیسر علاءالدین عزیزی
سہسرام، 8 فروری(ہ س)۔
دامنِ چند تن شہید پیر، سہسرام میں واقع ہوٹل اسکائی پیلس میں آج انجمن ترقی اردو روہتاس (سہسرام) اور روز مائن ایجوکیشنل ٹرسٹ کے مشترکہ زیرِ اہتمام ایک اہم تعلیمی بیداری کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت انجمن ترقی اردو بہار، پٹنہ کے سکریٹری اور بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سابق چیئرمین عبدالقیوم انصاری نے فرمائی، جب کہ مشترکہ نظامت کے فرائض پروفیسر (ڈاکٹر) علائ الدین عزیزی (صدر، انجمن ترقی اردو روہتاس) اور ضلعی سکریٹری محمد اسلم انصاری نے انجام دیے۔
اپنے صدارتی خطاب میں عبدالقیوم انصاری نے کہا کہ اقلیتی آبادی اور محبانِ اردو کے لیے مجموعی انرولمنٹ میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس کے لیے تکنیکی اور اعلیٰ تعلیم کے تئیں بیداری پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم، پیشہ ورانہ مہارت اور تعلیمی رہنمائی کے بغیر معاشی خود کفالت ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دور حاضر میں تعلیم ہی ترقی اور خوش حالی کی کنجی ہے _ خاص طور پر اقلیتی اور پس ماندہ طبقات کے طلبہ و طالبات کے لئے یہ ایک سنہرا موقع ہے کہ وے اسکالرشپ کے ذریعے اعلی و پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کر کے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں _اس موقع پر پروفیسر علاءالدین عزیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن ترقی اردو کا بنیادی مقصد اردو زبان کے فروغ کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعور کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو معیاری اور روزگار سے جڑی تعلیم کی طرف راغب کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، اور اس طرح کی کانفرنسیں طلبہ و سرپرستوں کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ بنتی ہیں۔
وہیں روز مائن ایجوکیشنل ٹرسٹ کے نمائندہ اویس عنبر نے کہا کہ ٹرسٹ کا مشن پیرامیڈیکل اور مینجمنٹ جیسے اہم شعبوں میں طلبہ کو داخلہ دلانا اور مستحق طلبہ کو سو فیصد اسکالرشپ فراہم کرنا ہے تاکہ مالی کمزوری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔کانفرنس میں انجمن ترقی اردو کیمور ضلع کے صدر اسلم خاں، پٹنہ ہائی کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ الحاج ایس عین العالم، پروفیسر عذرا پروین (پرنسپل)، محمد توحید اعظم ایڈووکیٹ (نوٹری، سہسرام سول کورٹ)، توقیر عالم ایڈووکیٹ، پروفیسر فیروز خاں، پروفیسر فرزانہ صبا، انیل سنگھ (ڈائریکٹر، سی ایم سی)، پرویز اختر گدی، سینئر صحافی مصباح احمد خاں، سراج علی انصاری، نیتا فخر عالم اور فراق قریشی سمیت بڑی تعداد میں معزز شخصیات کی شرکت قابلِ ذکر رہی۔آخر میں تعلیمی بیداری، اردو زبان کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید تعلیم سے جوڑنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais