
نئی دہلی، 9 نومبر (ہ س)۔ دن بھر اتار چڑھاو کا سامنا کرنے کے بعد گھریلو اسٹاک مارکیٹ آج ہفتے کے پہلے کاروباری دن اضافے کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہی۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں بحالی سے حوصلہ پاکر ہندوستانی مارکیٹ کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا تھا۔ تاہم، مارکیٹ کھلنے کے کچھ ہی دیر بعد بلند سطح پر منافع وصولی شروع ہوگئی، جس کے باعث سینسیکس اور نفٹی دونوں اہم انڈیکس اپنی ابتدائی برتری کھو کر سرخ نشان میں آگئے۔ حالانکہ کچھ ہی دیر بعد خریداروں نے نچلی سطح پر خریداری کا محاذ سنبھال لیا۔
سرکاری بینکوں، فارما اور انفراسٹرکچر سیکٹر کی بڑی کمپنیوں کے حصص میں زبردست تیزی کے سہارے سینسیکس اور نفٹی دونوں اہم انڈیکس نے نہ صرف اپنی ابتدائی گراوٹ کی مکمل تلافی کی بلکہ مضبوطی کے ساتھ کاروبار کا اختتام کیا۔ دن بھر کی تجارت کے بعد بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 0.13 فیصد اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 0.23 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہا۔
بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس آج 327.89 پوائنٹس یعنی 0.40 فیصد کے اضافے کے ساتھ 81,327.29 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی مارکیٹ میں منافع وصولی کا دباو¿ غالب آگیا، جس کے باعث یہ انڈیکس 480.09 پوائنٹس یعنی 0.59 فیصد پھسل کر 80,519.31 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں بینکنگ اور انفراسٹرکچر سیکٹر کے بڑے حصص میں زبردست خریداری شروع ہوگئی۔ آخری سیشن میں ہونے والی زبردست خریداری کے سہارے سینسیکس نے اپنی دن کی نچلی سطح سے 587.34 پوائنٹس کی شاندار چھلانگ لگائی اور 107.25 پوائنٹس یعنی 0.13 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 81,106.65 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی نے بھی آج 90 پوائنٹس یعنی 0.36 فیصد کی تیزی کے ساتھ 25,076.40 پوائنٹس کی سطح سے معمول کے کاروبار کا آغاز کیا۔ مارکیٹ کھلتے ہی فروخت اور گھبراہٹ میں حصص کی فروخت کا دباو پیدا ہونے کے باعث یہ اندیکس بھی کچھ ہی دیر میں سرخ نشان میں آگیا اور اپنی تمام ابتدائی برتری کھونے کے بعد 147.65 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 24,838.75 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد خریدار پوری طرح سرگرم ہوگئے اور حصص کی خریداری شروع کردی۔ بڑے پیمانے پر چوطرفہ خریداری کے سہارے نفٹی نے دن کی نچلی سطح سے 205.90 پوائنٹس کی چھلانگ لگائی اور 58.25 پوائنٹس یعنی 0.23 فیصد کے اضافے کے ساتھ 25,044.65 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران سیکٹورل محاذ پر سرکاری بینکوں کے حصص میں سب سے زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں نفٹی پی ایس یو بینک انڈیکس 3.73 فیصد کے زبردست اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح ہیلتھ کیئر اور فارما سیکٹر بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، جس سے نفٹی فارما انڈیکس میں 1.65 فیصد اور نفٹی بینک انڈیکس میں 1.51 فیصد کی زبردست تیزی درج کی گئی۔ اس کے علاوہ آٹوموبائل انڈیکس بھی 0.30 فیصد اضافے کے ساتھ سبز نشان میں بند ہونے میں کامیاب رہا۔
دوسری جانب، آئی ٹی اور ایف ایم سی جی سیکٹر کے حصص میں آج مسلسل فروخت کا دباو¿ برقرار رہا، جس کے باعث نفٹی آئی ٹی انڈیکس 1.22 فیصد اور نفٹی ایف ایم سی جی انڈیکس 0.15 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ وسیع تر مارکیٹ (براڈر مارکیٹ) کی بات کریں تو وہاں بھی ماحول مثبت رہا۔ خریداری کے سہارے نفٹی مڈکیپ 100 انڈیکس 0.55 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح اسمال کیپ انڈیکس نے بھی 0.10 فیصد کے اضافے کے ساتھ آج کے کاروبار کا اختتام کیا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران بی ایس ای میں 4,679 حصص میں سرگرم تجارت ہوئی۔ ان میں سے 2,010 حصص اضافے کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ 2,422 حصص میں گراوٹ درج کی گئی۔ وہیں 247 حصص بغیر کسی تبدیلی کے بند ہوئے۔
این ایس ای میں آج 3,289 حصص میں سرگرم تجارت ہوئی۔ ان میں سے 1,431 حصص منافع کے ساتھ سبز نشان میں جبکہ 1,858 حصص نقصان کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 11 حصص اضافے، 18 حصص گراوٹ اور ایک حصص بغیر کسی تبدیلی کے بند ہوا۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 حصص میں سے 20 حصص سبز نشان میں، 29 حصص سرخ نشان میں اور ایک حصص بغیر کسی اتار چڑھاو کے بند ہوا۔
دن بھر کی خرید و فروخت کے بعد نیشنل اسٹاک ایکسچینج پر اپولو ہاسپٹلس کے حصص 1.42 فیصد کی زبردست تیزی کے ساتھ 8,549.50 روپے کی قیمت پر بند ہوکر ٹاپ گینر رہے۔ اس کے علاوہ بڑی کمپنیوں کی فہرست میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)، آئی سی آئی سی آئی بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک اور لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) آج کے ٹاپ گینرز کی فہرست میں نمایاں رہے۔
دوسری جانب، مارکیٹ میں بحالی کے باوجود فروخت کے دباو¿ کا سامنا کرنے والی بڑی آئی ٹی کمپنی انفوسس 1,153.90 روپے کی قیمت پر آکر ٹاپ لوزر رہی۔ اس کے علاوہ بھارتی ایئرٹیل، بجاج فائنانس، آئی ٹی سی اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز جیسی بڑی کمپنیاں بھی کمزوری دکھاتے ہوئے آج کے پانچ بڑے لوزرز کی فہرست میں شامل رہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی