
چار سال بعد چنئی میں اپنا ادھورا خواب پورا کیا، فائنل میں 5-7، 6-1، 6-4 سے درج کی کامیابی
چنئی، 9 نومبر (ہ س):۔
پولینڈ کی میگڈا لینیٹ نے ٹاپ سیڈ اور موجودہ چیمپئن انڈونیشیا کی جینس تِن کو شکست دے کر چنئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ پیر کو کھیلے گئے فائنل میں لینیٹ نے 5-7، 6-1، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔ بارش اور خراب موسم کے باعث یہ مقابلہ ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
دو گھنٹے 43 منٹ تک جاری رہنے والے خطابی مقابلے میں کامیابی کے ساتھ لینیٹ نے اپنے کیریئر کا چوتھا ڈبلیو ٹی اے خطاب حاصل کیا۔ اس سے پہلے وہ 2019 میں دی برونکس، 2020 میں ہوا ہن اور 2024 میں پراگ میں خطاب جیتے تھے۔
لینیٹ نے چار سال بعد چنئی میں اپنا ادھورا خواب بھی پورا کر لیا۔ وہ 2022 میں اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں لنڈا فروہویرتوا سے ہار گئی تھیں۔ اس مقابلے کے تیسرے سیٹ میں لینیٹ 4-1 سے آگے تھیں، لیکن اس کے باوجود انہیں 4-6، 6-3، 6-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار خطاب جیت کر انہوں نے اپنی سابقہ شکست کا بدلہ لے لیا۔
چنئی میں یہ لینیٹ کے کیریئر کا نواں فائنل تھا۔ یہ پہلا ٹورنامنٹ بھی رہا جس میں انہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی۔
جینس تِن مسلسل دوسری مرتبہ چنئی اوپن کا خطاب جیتنے کے ارادے سے میدان میں اتری تھیں۔ انہوں نے گزشتہ سال لینیٹ کو شکست دے کر ہی خطاب جیتا تھا۔ تِن چنئی میں مسلسل دو مرتبہ چیمپئن بننے والی پہلی کھلاڑی بننے کی کوشش کر رہی تھیں، لیکن لینیٹ نے ان کا یہ خواب پورا نہیں ہونے دیا۔
لینیٹ اور تِن کے درمیان فائنل مقابلہ اصل میں اتوار کو ہونا تھا، تاہم بارش اور دیوالی کے پٹاخوں سے ایس ڈی اے ٹی ٹینس اسٹیڈیم کے اطراف پھیلے گھنے دھوئیں کے باعث مقابلہ شروع نہیں ہو سکا۔ اس کے بعد منتظمین نے فائنل پیر کی صبح 11 بجے کرانے کا فیصلہ کیا۔ منتظمین نے باضابطہ اطلاع جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 8 نومبر کے ٹکٹ 9 نومبر کو بھی داخلے کے لیے قابل قبول رہیں گے۔
اس دوران اتوار کو خواتین کے ڈبلز کا فائنل مکمل ہوا۔ سوئٹزرلینڈ کی نعیمہ کراموکو اور سیمونا والٹرٹ کی جوڑی نے ہندوستان کی ویشنووی اڈکر اور رتو جا بھوسلے کو 6-2، 6-0 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ جوڑی کی حیثیت سے خطاب جیتا۔
نعیمہ اور سیمونا پہلی مرتبہ کسی ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ کھیل رہی تھیں۔ انہوں نے مقابلے کے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ موموکو کوبوری اور پینگتارن فلیپیوچ کی جوڑی کو شکست دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ