
راجکوٹ، 12 اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے رنجی ٹرافی میں چھتیس گڑھ کے خلاف میچ کے دوسرے دن پیر کو سوراشٹر کی جانب سے کھیلتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 16ویں سنچری مکمل کی۔ راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں جڈیجہ نے 102 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہیں دھرمیندر سنگھ جڈیجہ نے کیچ اینڈ بولڈ آؤٹ کیا۔
بائیں ہاتھ کے اسپن گیند باز اور بلے بازی میں بھی اہم کردار ادا کرنے والے جڈیجہ کی یہ اننگز آئندہ بین الاقوامی مقابلوں سے قبل اہم سمجھی جا رہی ہے۔ انہوں نے آخری ریڈ بال میچ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میںکھیلا تھا۔
میچ کی بات کریں تو جڈیجہ کی سنچری کے علاوہ پریرک مانکڑ نے بھی 129 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہیں چراغ جانی نے 83 رن بنائے۔ ان تینوں بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سوراشٹر نے پہلی اننگز میں تمام وکٹیں گنوا کر 392 رن بنائے۔ اس کے جواب میں چھتیس گڑھ نے خبر لکھے جانے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رن بنا لیے تھے۔جڈیجہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی جانب سے 2-1 سے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد سوراشٹر کی ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے دو میچوں میں حصہ لیا، لیکن انہیں بلے بازی کا موقع نہیں ملا۔ اس دوران انہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ چھتیس گڑھ کے خلاف سنچری بنا کر انہیں ریڈ بال کرکٹ میں بھی اپنی بلے بازی کو بہتر بنانے کا اہم موقع ملا ہے۔ہندوستانی ٹیم اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے دورے پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 نومبر تک ویلنگٹن میں، جب کہ دوسرا ٹیسٹ 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ جڈیجہ اس دورے سے قبل اپنی فارم حاصل کرنا چاہیں گے۔
ہندوستان کے اہم گھریلو فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ رنجی ٹرافی کے 92ویں سیزن کا آغاز 11 اکتوبر سے ہوا۔ گزشتہ سیزن میں ابتدائی دور میں ہی باہر ہونے والی سوراشٹر کی ٹیم کو اس مرتبہ ایلیٹ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔اس گروپ میں سوراشٹر کے علاوہ آندھرا، آسام، چھتیس گڑھ، حیدرآباد، کرناٹک، پنجاب اور تریپورہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan