کریگ ارون ٹیسٹ سنچری بنانے والے زمبابوے کے معمر ترین بلے باز بن گئے
41 سال 82 دن کی عمر میں افغانستان کے خلاف پانچویں ٹیسٹ سنچری بنائی، برینڈن ٹیلر کا ریکارڈ توڑا شارجہ، 9 نومبر (ہ س):۔ زمبابوے کے بلے باز کریگ ارون نے افغانستان کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے 41 سال اور 82 دن
کریگ ارون ٹیسٹ سنچری بنانے والے زمبابوے کے معمر ترین بلے باز بن گئے


41 سال 82 دن کی عمر میں افغانستان کے خلاف پانچویں ٹیسٹ سنچری بنائی، برینڈن ٹیلر کا ریکارڈ توڑا

شارجہ، 9 نومبر (ہ س):۔

زمبابوے کے بلے باز کریگ ارون نے افغانستان کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے 41 سال اور 82 دن کی عمر میں ٹیسٹ سنچری بنا کر زمبابوے کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے سب سے معمر بلے باز ہونے کا ریکارڈ قائم کیا۔

ارون نے پیر کو میچ کی دوسری اننگز میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے برینڈن ٹیلر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے اسی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 131 رنز بنا کر زمبابوے کے سب سے معمر ٹیسٹ سنچری بنانے والے بلے باز ہونے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس صدی میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے ارون دنیا کے دوسرے سب سے معمر بلے باز ہیں۔ ان سے آگے پاکستان کے مصباح الحق ہیں، جنہوں نے 2016 میں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف 42 سال اور 47 دن کی عمر میں 114 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ارون نے اسی مقابلے کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 2,000 رنز بھی مکمل کر لیے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے زمبابوے کے ساتویں بلے باز بن گئے ہیں۔

زمبابوے اور افغانستان کے درمیان جاری یہ مقابلہ ڈرا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پانچویں دن چائے کے وقفے تک زمبابوے نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا لیے تھے۔ میچ میں اب صرف ایک سیشن کا کھیل باقی تھا اور زمبابوے کی ایک اننگز ابھی باقی تھی، ایسے میں مقابلے کا نتیجہ نکلنا مشکل دکھائی دے رہا تھا۔

زمبابوے نے پہلی اننگز میں برینڈن ٹیلر کے 131 اور کپتان برائن بینیٹ کے 128 رنز کی سنچریوں کی بدولت 504 رنز بنائے تھے۔ ویسلے مدھیویرے نے بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

جواب میں افغانستان نے 514 رنز بنا کر 10 رنز کی برتری حاصل کی۔ افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اٹل نے 105، رحمان اللہ گرباز نے 113 اور کپتان رحمت شاہ نے 173 رنز کی سنچریاں بنائیں۔

دوسری اننگز میں بھی زمبابوے کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیلر نے 82 اور بینیٹ نے 58 رنز بنائے، جبکہ ارون نے سنچری اسکور کی۔ اینٹم نکوی نے بھی 62 رنز کا تعاون دیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande