ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے سابق کوچ گردیال سنگھ کا انتقال، ہاکی انڈیا نے پیش کیا خراجِ عقیدت
نئی دہلی، 7 نومبر (ہ س):۔ ہاکی انڈیا نے ہفتہ کے روز ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ گردیال سنگھ بھنگو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ بھنگو کا 86 سال کی عمر میں کینیڈا کے شہر سری میں انتقال ہوگیا۔ ان کی رہنمائی میں ہندوستانی خو
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے سابق کوچ گردیال سنگھ کا انتقال، ہاکی انڈیا نے پیش کیا خراجِ عقیدت


نئی دہلی، 7 نومبر (ہ س):۔

ہاکی انڈیا نے ہفتہ کے روز ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ گردیال سنگھ بھنگو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ بھنگو کا 86 سال کی عمر میں کینیڈا کے شہر سری میں انتقال ہوگیا۔ ان کی رہنمائی میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے 2002 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ٹیم کی یہ تاریخی کامیابی چند سال بعد بننے والی بالی ووڈ فلم ’چک دے! انڈیا‘ کے لیے بھی تحریک بنی تھی۔

ہاکی انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ”2002 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے والے گردیال سنگھ بھنگو کے 86 سال کی عمر میں انتقال سے ہاکی انڈیا غمزدہ ہے۔ ہندوستانی ہاکی میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہم ان کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔“

بھنگو کو 1998 میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ اس وقت عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم 12ویں مقام پر رہی تھی۔ بھنگو کی رہنمائی میں ٹیم نے چند ہی ماہ بعد ایشیائی کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

سال 2002 میں انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں منعقدہ دولت مشترکہ کھیلوں کے فائنل میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس مقابلے کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا، جہاں ممتا کھرب نے گولڈن گول کرکے ہندوستان کو تاریخی کامیابی دلائی۔ نامساعد حالات میں حاصل ہونے والی اس جیت کی کہانی نے فلم ساز شمیت امین کو فلم ’چک دے! انڈیا‘ بنانے کے لیے متاثر کیا تھا۔

تاہم فلم میں شاہ رخ خان کے ذریعے ادا کیے گئے کبیر خان کے کردار کی تحریک میر رنجن نیگی تھے۔ 1982 کے ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں پاکستان کے خلاف ہندوستان کی شکست کے بعد نیگی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ 2002 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی خواتین ٹیم کے گول کیپنگ کوچ بھی تھے۔

گردیال سنگھ بھنگو کی پیدائش 3 اکتوبر 1941 کو لائل پور میں ہوئی تھی، جو اب پاکستان میں واقع ہے۔ انہوں نے 1965 میں پٹیالہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس میں داخلہ لیا اور وہاں ہاکی کے عظیم کھلاڑی دھیان چند کی رہنمائی میں کام کیا۔

انہوں نے 1972 سے 1976 تک نائجیریا کی خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھائی۔ ان کی رہنمائی میں نائجیریا کی ٹیم نے 1976 میں پہلی مرتبہ عالمی کپ میں حصہ لیا۔ اس کے بعد 1998 میں انہیں ہندوستانی خواتین ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔

ہندوستانی ہاکی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں دروناچاریہ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ وہ ہاکی کے پہلے کوچ تھے جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔ بعد میں وہ کینیڈا کے شہر سری میں آباد ہوگئے تھے، جہاں 86 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوگیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande