
ویلنگٹن، 7 نومبر (ہ س)۔ تیز گیند باز گرنور برار کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے بارش سے متاثرہ دوسرے یک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) طریقہ کار کے تحت چار رن سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
ہفتہ کو ویلنگٹن کے ہینری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں گرنور برار نے 30 رن دے کر چار وکٹ حاصل کیے، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 40.6 اوور میں 134 رن پر سمٹ گئی۔ جواب میں ہندوستان نے بارش کے باعث کھیل روکے جانے تک 24.4 اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر 113 رن بنا لیے تھے۔ اس وقت ہندوستان ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کے اسکور سے چار رن آگے تھا۔ بارش کے باعث دوبارہ کھیل شروع نہ ہو سکا اورٹیم انڈیا کو چار رن سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
135 رن کے نشانے کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی۔ کپتان شبھمن گل پہلے ہی اوور میں جیکب ڈفی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آو¿ٹ ہو گئے۔ ہندوستان نے 1.1 اوور میں چار رن پر پہلا وکٹ گنوا دیا۔ وراٹ کوہلی نے ڈفی کے خلاف شاندار کور ڈرائیو کے ذریعے کھاتہ کھولا، جبکہ روہت شرما نے کائل جیمیسن کی گیند پر چوکا لگایا۔ تاہم، ڈفی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کوہلی ول ینگ کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ سات رن بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 3.4 اوور میں دو وکٹ پر 17 رن تھا۔
روہت شرما نے جیمیسن کے خلاف دو چھکے لگا کر اننگز کو آگے بڑھایا، لیکن جلد ہی وہ بھی ہنری نکولس کو سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ روہت نے 27 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 23 رن بنائے۔ ہندوستان کا تیسرا وکٹ 39 رن پر گرا۔ اکشر پٹیل بھی بلے سے کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 17 گیندوں میں سات رن بنا کر آو¿ٹ ہو گئے۔ 12.5 اوور میں ہندوستان کا اسکور چار وکٹ پر 47 رن تھا۔
اس کے بعد نائب کپتان شریئس ایئر اور کے ایل راہل نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 39 رن جوڑے۔ راہل نے نیتھن اسمتھ کے 16ویں اوور میں چوکا اور چھکا لگایا، جبکہ ایئر نے میتھیو فشر کے اوور میں دو چوکے جڑے۔ تاہم، جیمیسن نے ایئر کو آو¿ٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کر دیا۔ ایئر نے 46 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رن بنائے۔
راہل نے چھکا لگا کر ہندوستان کو 100 رن کے پار پہنچایا، لیکن نمن دھیر 12 رن بنا کر آو¿ٹ ہو گئے۔ اس کے بعد جیمیسن نے انشول کمبوج کو ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔ بارش کے باعث کھیل روکے جانے کے وقت راہل 38 گیندوں میں 26 رن بنا کر ناٹ آو¿ٹ تھے۔ ہندوستان اس وقت ڈی ایل ایس پار اسکور سے چار رن آگے تھا، جس کی بنیاد پر اسے فاتح قرار دیا گیا۔
گرنور کی شاندار گیند بازی، نیوزی لینڈ 134 رن پر ڈھیر
اس سے قبل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے ابر آلود موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور پوری ٹیم 40.6 اوور میں 134 رن پر آو¿ٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ عاقب نبی نے دونوں سلامی بلے بازوں ٹم سیفرٹ اور ول ینگ کو پویلین بھیج دیا۔ سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے آو¿ٹ ہوئے، جبکہ ینگ نے چھ رن بنائے۔ اس کے بعد انشول کمبوج نے ہنری نکولس کو 11 رن پر آو¿ٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ نے محض 23 رن پر تین وکٹ گنوا دیے تھے۔
ڈیرل مچل نے ایک طرف سنبھالتے ہوئے 104 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 رن بنائے۔ کپتان مچل سینٹنر نے 38 گیندوں میں 31 رن بنا کر ان کا ساتھ دیا۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 59 رن جوڑے، لیکن گرنور برار نے سینٹنر کو آو¿ٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹام لیتھم اور گلین فلپس کو بھی جلد پویلین بھیج دیا۔
گرنور برار نے 10 اوور میں 30 رن دے کر چار وکٹ حاصل کیے۔ یہ ان کے یک روزہ بین الاقوامی کریئر کی بہترین گیند بازی ہے۔ اکشر پٹیل نے 28 رن دے کر دو، عاقب نبی نے 31 رن دے کر دو اور انشول کمبوج نے بھی دو وکٹ حاصل کیے۔ کمبوج نے بلیئر ٹکنر کو دو رن پر بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کی اننگز ختم کر دی۔ ارشدیپ سنگھ کو کوئی وکٹ نہیں ملا، تاہم انہوں نے کفایتی گیند بازی کی۔
پہلے ون ڈے میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم 185 رن پر سمٹ گئی تھی۔ مسلسل دوسرے میچ میں ہندوستانی گیند بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سیریز میں مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا یک روزہ میچ 10 نومبر کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد