
نئی دہلی، 7 اکتوبر (ہ س):۔
کوکا کولا کمپنی اور جوبیلنٹ بیوریجز کی حمایت یافتہ کمپنی ہندوستان کوکا کولا ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ سی سی ایچ) نے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے سرمایہ جمع کرنے کے لیے سرمایہ بازار کے نگران ادارے، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے پاس اپنا ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (ڈی آر ایچ پی) جمع کرادیا ہے۔
سیبی کے پاس جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق، ایچ سی سی ایچ نے ہفتہ کے روز سرمایہ بازار کے نگراں ادارے کے سامنے اپنی ابتدائی دستاویز داخل کی۔ سیبی کے پاس جمع کرائے گئے مسودہ ڈی آر ایچ پی کے مطابق، مجوزہ آئی پی او مکمل طور پر کمپنی کے پروموٹر ’ہندوستان کوکا کولا اوورسیز ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی جانب سے 99,74,61,456 ایکویٹی شیئرز کی فروخت کی پیشکش (او ایف ایس) پر مشتمل ہوگا۔
کمپنی کے مطابق، پروموٹر شیئر ہولڈر ’ہندوستان کوکا کولا اوورسیز ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ اس آئی پی او کے تحت 10 روپے کی فیس ویلیو والے زیادہ سے زیادہ 99,74,61,456 ایکویٹی شیئرز فروخت کرے گا۔
چونکہ یہ ایشو مکمل طور پر آفر فار سیل (او ایف ایس) پر مبنی ہے، اس لیے کمپنی کو آئی پی او سے کوئی رقم حاصل نہیں ہوگی اور اس سے حاصل ہونے والی پوری رقم شیئر فروخت کرنے والے شیئر ہولڈر کو ملے گی۔
کمپنی کے شیئرز کو بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) میں لسٹ کرانے کی تجویز ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستان کوکا کولا ہولڈنگز لمیٹڈ اپنی اہم ذیلی کمپنی ’ہندوستان کوکا کولا بیوریجز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ (ایچ سی سی بی) کے ذریعے کاروبار کرتی ہے۔
یہ کمپنی ٹی سی سی سی کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کے تحت بنیادی طور پر جنوبی اور مغربی ہندوستان کی 10 ریاستوں اور 4 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اپنے مقررہ جغرافیائی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ