
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س):۔
گھریلو فارن ایکسچینج مارکیٹ میں آج ہندوستانی کرنسی روپے نے ابتدائی کمزوری کو پوری طرح دور کرتے ہوئے زبردست چھلانگ لگائی۔ گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے 56 پیسے کی بھاری مضبوطی کے ساتھ روپیہ 93.91 فی ڈالر کی سطح پر بند ہوا۔
12 اکتوبر کے بعد سے روپے میں ایک دن کے دوران آنے والی یہ سب سے بڑی تیزی ہے۔ آج کے کاروبار میں ہندوستانی کرنسی انٹرا ڈے میں 93.82 روپے فی ڈالر کی سطح کو چھوتے ہوئے چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی۔
مانا جا رہا ہے کہ گھریلو شیئر بازار میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) کی واپسی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے باعث روپیہ آج ایشیا کی سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی کرنسی بن کر ابھرا۔
حالانکہ آج صبح انٹر بینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں روپے کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی تھی۔ ہندوستانی کرنسی جمعرات کے اختتامی نرخ 94.47 روپے فی ڈالر کے مقابلے معمولی کمزوری کے ساتھ 94.49 روپے فی ڈالر پر کھلی تھی۔
آج کاروبار شروع ہوتے ہی درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی مانگ میں تیزی آنے کے باعث روپیہ ایک وقت پھسل کر 94.51 کی انٹرا ڈے کم ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔
اس کے بعد غیر ملکی بینکوں اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر کی بڑے پیمانے پر فروخت نے بازار کا رخ پوری طرح بدل دیا، جس کے نتیجے میں روپے نے اپنی کم ترین سطح سے 60 پیسے کی شاندار واپسی کرتے ہوئے 93.82 کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح کو چھو لیا۔
دن کے آخری سیشن میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بھی 93.88 کی سطح کے قریب بازار سے ڈالر کی خریداری کی، جس سے روپے کی تیز رفتار بڑھت میں کچھ کمی آئی۔ اس کے باوجود پورے دن کے کاروبار کے بعد روپیہ 93.91 کی سطح پر بند ہونے میں کامیاب رہا۔
اس شاندار تیزی کے ساتھ ہی روپے نے اس کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے مجموعی طور پر 1.2 فیصد کی ہفتہ وار مضبوطی درج کی ہے۔
ڈالر کے ساتھ ساتھ دنیا کی دیگر اہم بین الاقوامی کرنسیوں کے مقابلے میں بھی آج ہندوستانی روپیہ مضبوط حالت میں بند ہوا۔ برطانوی پاو¿نڈ کے مقابلے میں بھی روپے میں زبردست مضبوطی دیکھی گئی۔ روپے کی مضبوطی کے باعث پاو¿نڈ جمعرات کے 127.18 کی سطح سے 1.49 روپے یعنی 1.17 فیصد کی بھاری گراوٹ کے ساتھ 125.6936 کی سطح پر آ گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ