
نئی دہلی،5نومبر(ہ س )۔
ہندوستان کی ابھرتی ہوئی بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی پتری نے یوتھ اولمپک کھیلوں میں تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ یوتھ اولمپکس کے خواتین کے سنگلز مقابلے کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اوڈیشہ کی 15 سالہ تنوی نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جاپان کی دوسری سیڈ یافتہ یوجونو وتنبے کو سخت مقابلے میں 21-14، 11-21، 21-19 سے شکست دی۔
54 منٹ تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی کے ساتھ تنوی نے گولڈ میڈل کے لیے ہونے والے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ انہوں نے پہلا گیم 21-14 سے جیت کر برتری حاصل کی، لیکن جاپانی کھلاڑی نے دوسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے 21-11 سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد مقابلہ فیصلہ کن تیسرے گیم میں پہنچ گیا۔
فیصلہ کن گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ تنوی اس سے پہلے تھائی لینڈ کی کنگکایو کنانک کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچی تھیں اور ایسا کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب ان کے پاس گولڈ میڈل جیت کر اپنے یادگار سفر کو تاریخی بنانے کا سنہرا موقع ہے۔
فائنل میں تنوی کا مقابلہ چین کی یی شِن ژانگ سے ہوگا، جو موجودہ عالمی جونیئر چیمپئن ہیں۔ تنوی اور ژانگ کے درمیان اب تک صرف ایک بار مقابلہ ہوا ہے۔ اس سال ایشیا جونیئر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں تنوی کو سخت جدوجہد کے بعد 18-21، 16-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ