
نئی دہلی، 5 نومبر (ہ س)۔ اسٹیل پروسیسنگ کے شعبے کی کمپنی بامبے کوٹیڈ اینڈ اسپیشل اسٹیلز لمیٹڈ نے آج شیئر بازار میں مضبوط شروعات کرتے ہوئے اپنے آئی پی او سرمایہ کاروں کو خوش کر دیا۔ کمپنی نے آئی پی او کے تحت شیئرس 82 روپے فی شیئر کے حساب سے جاری کیے تھے۔ آج بمبئی اسٹاک ایکسچینج میں اس کی فہرست بندی 12.22 فیصد اضافے کے ساتھ 92.02 روپے اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج میں 10.98 فیصد پریمیم کے ساتھ 91 روپے پر ہوئی۔
فہرست بندی کے بعد خریداری کے دباؤ میں شیئر کی قیمت بڑھ کر 96.62 روپے کی بالائی حد تک پہنچ گئی اور تقریباً پورے دن اسی سطح پر برقرار رہی۔ تاہم، کاروبار کے اختتام سے قبل منافع وصولی کے سبب فروخت شروع ہوئی اور شیئر 94.61 روپے پر بند ہوا۔ اس طرح پہلے ہی دن آئی پی او سرمایہ کاروں کو فی شیئر 12.61 روپے یعنی 15.38 فیصد منافع حاصل ہوا۔
کمپنی کا 183.06 کروڑ روپے کا آئی پی او 29 اکتوبر سے 2 نومبر تک کھلا تھا، جسے مجموعی طور پر 63.89 گنا سبسکرپشن ملا۔ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کا حصہ 37.32 گنا، غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کا حصہ 166.24 گنا اور خوردہ سرمایہ کاروں کا حصہ 35.46 گنا سبسکرائب ہوا۔
آئی پی او کے ذریعے 10 روپے کی بنیادی قیمت والے 2.23 کروڑ نئے شیئر جاری کیے گئے۔ حاصل ہونے والی رقم میں سے 125 کروڑ روپے کمپنی کے موجودہ قرضوں کی ادائیگی اور 15.77 کروڑ روپے مشینری و دیگر سرمایہ جاتی آلات کے حصول پر خرچ کیے جائیں گے۔ باقی رقم عمومی کاروباری ضروریات کے لیے استعمال ہوگی۔
کمپنی کے مالی نتائج کے مطابق اس کا خالص منافع 24-2023 میں 21.14 کروڑ روپے تھا، جو 25-2024 میں بڑھ کر 28.67 کروڑ اور 26-2025 میں 30.54 کروڑ روپے ہوگیا۔ اسی طرح آمدنی 24-2023 کے 765.41 کروڑ روپے سے بڑھ کر 26-2025 میں 1269.83 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
جون 2026 تک کمپنی کا خالص منافع 15.08 کروڑ روپے، مجموعی آمدنی 397.55 کروڑ روپے اور مجموعی قرض 273.69 کروڑ روپے درج کیا گیا۔ کمپنی کے مالی اعداد و شمار میں گزشتہ برسوں کے دوران مجموعی طور پر بہتری دیکھی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد