
نئی دہلی، 5 نومبر(ہ س)۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر ماہ کے مردوں کے ’پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو یانسن، پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس اور ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار بلے باز شائی ہوپ شامل ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے اکتوبر میں اپنی اپنی ٹیموں کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔
مارکو یانسن(جنوبی افریقہ)
جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو یانسن نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بلے اور گیند دونوں سے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے یہ سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔ یانسن کی سب سے یادگار کارکردگی گکیبرہا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں دیکھنے کو ملی، جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں 85 رن بنانے کے ساتھ مجموعی طور پر چھ وکٹ حاصل کیے۔ ان کی اس کارکردگی کے دم پر جنوبی افریقہ نے یہ ٹیسٹ ایک اننگز اور 31 رن سے جیتا۔
سیریز کے فیصلہ کن تیسرے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے نصف سنچری بنائی اور تین وکٹ حاصل کیے۔ مسلسل شاندار کارکردگی کا فائدہ انہیں آئی سی سی کی مردوں کی ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی ملا، جہاں وہ پہلے مقام پر پہنچ گئے۔
عرفات منہاس (پاکستان)
پاکستانی آل راؤنڈر عرفات منہاس نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی ون ڈے سہ فریقی سیریز میں بلے اور گیند دونوں سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے پانچ مقابلوں میں 149 رن بنائے اور نو وکٹ حاصل کیے۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں منہاس نے 59 رن کی اہم اننگز کھیلی اور گیند بازی کرتے ہوئے 40 رن دے کر چھ وکٹ حاصل کیے۔ یہ ہوم گراؤنڈ پر کسی پاکستانی گیند باز کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں دوسری بہترین گیند بازی کی کارکردگی تھی۔
منہاس نے سری لنکا کے خلاف فائنل میں بھی 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 61 رن کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 326 رن کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
شائی ہوپ(ویسٹ انڈیز)
ویسٹ انڈیز کے بلے باز شائی ہوپ کے لیے اکتوبر کا مہینہ انتہائی شاندار رہا۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں کئی میچ جتوانے والی اننگز کھیلیں۔ ہوپ نے نیو چنڈی گڑھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے مقابلے میں ناٹ آؤٹ 162 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 352 رن کا ہدف حاصل کرلیا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا اب تک کا سب سے بڑا کامیاب رن چیز تھا۔
اس کے بعد پانچ میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں بھی ہوپ کا بلّا خوب چلا۔ انہوں نے اس سیریز میں دو سنچریاں بنائیں۔ چوتھے ٹی 20 مقابلے میں انہوں نے محض 50 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 102 رن بنائے۔ ہوپ نے پوری سیریز میں مستقل مزاجی کے ساتھ بلے بازی کی اور مجموعی طور پر 261 رن اسکور کیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ