
نئی دہلی، 04 نومبر (ہ س)۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے آئندہ آئی سی سی ویمن ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ 10 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی قیادت ناہیدہ اختر کریں گی۔ گزشتہ ماہ انہیں نگار سلطانہ جوتی کی جگہ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ کپتان بننے کے بعد ناہیدہ کا یہ پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔
بنگلہ دیش کو گروپ بی میں پاکستان، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 12 نومبر سے ہوگا، جبکہ فائنل 25 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ تجربہ کار بلے بازسبحانہ مشتری کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ وہیں سابق کپتان نگار سلطانہ جوتی بھی 15 رکنی ٹیم میں شامل ہیں اور کھلاڑی کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق، ٹیم کی اہم تیز گیند باز معروفہ اختر ٹخنے کی چوٹ کے باعث اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ ان کی جگہ تیز گیند باز دیشا بسواس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سلامی بلے باز ساتھی رانی اور آل راو¿نڈر جنت الفردوس سومونا کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش اپنی مہم کا آغاز 12 نومبر کو پاکستان کے خلاف کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ عجمان (یو اے ای) کے کاروان کرکٹ گراو¿نڈ میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کی 15 رکنی ٹیم:
ناہیدہ اختر (کپتان)،سبحانہ مشتری (نائب کپتان)، دلارا اختر، شرمین اختر سپتا، شورنا اختر، دیشا بسواس، جوویریا فردوس، جنت الفردوس سومونا، رابعہ خان، فہیمہ خاتون، سنجیدہ اختر مگلا، ریتو مونی، ساتھی رانی، نگار سلطانہ جوتی اور فریحہ اسلام تریشنا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد