
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے لازمی تجدیدی فیس ادا نہ کرنے پر بدھ کے روز آٹھ سرمایہ کاری مشیروں کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا ہے۔
کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے مطابق کاروی انویسٹمنٹ ایڈوائزری سروسز لمیٹڈ، آئی ڈی ایف سی الٹرنیٹوز لمیٹڈ، سیگاسس انویسٹمنٹ ایڈوائزر، تتھاستو انویسٹمنٹ ایڈوائزر، کوانٹ کیپٹل، ارکانس کیپٹل، ایرا ویلتھ ایڈوائزر اور انڈیا نویش انویسٹمنٹ مینیجرز کا رجسٹریشن منسوخ کیا گیا ہے۔ سیبی نے اپنے جاری کردہ حکم نامے میں کہا کہ تجدیدی فیس ادا نہ کرنے کے باعث ان آٹھ اداروں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بطور سرمایہ کاری مشیر اب مؤثر نہیں رہے ہیں۔
سیبی نے واضح کیا کہ رجسٹریشن منسوخ ہونے سے بطور سرمایہ کاری مشیر اپنی سابقہ سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی واجبات اور ذمہ داریوں سے یہ ادارے بری الذمہ نہیں ہوں گے۔ وہ ریکارڈ برقرار رکھنے، سرمایہ کاروں کی شکایات کے ازالے، صارفین کو خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے اور لاگو ہونے کی صورت میں دیگر ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری کے ذمہ دار رہیں گے۔
سیبی (انویسٹمنٹ ایڈوائزرز) ریگولیشنز 2013 کے تحت رجسٹرڈ سرمایہ کاری مشیروں کو اپنا رجسٹریشن برقرار رکھنے کے لیے ہر پانچ سال بعد تجدیدی فیس ادا کرنی ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن